افسروں کی محنت اور دیانت کی بدولت موٹروے پولیس کو ملکی و بین الاقوامی شہرت ملی ہے :مسرور عالم کلاچی
لاہور(وقائع نگار خصوصی) قومی شاہراہ پر روڈ یوزرز کو بروقت اور موثر مدد فراہم کرنانیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کاطرح امتیاز ہے جس کے معیار کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا ۔ زونل کما نڈر سنٹرل زون ایس ایس پی مسرور عالم کلاچی نے سنٹرل زون کے 130 ہیلپ لائن سنٹر ز کی کارکردگی رپورٹ اورٹھوکر نیاز بیگ لاہور سنٹر کا جائزہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ایس ایس پی مسرور عالم کلاچی نے سنٹرل زون کے افسران سے کہا کہ وہ موٹر وے پولیس کی شاندار روایات کے مطابق روڈ یوزرز کے محفوظ سفر کے لیے اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر ادا کریں اور خاص طور ہیلپ لائن 130پر مدد کے لیے کی گئی کال کا بروقت رسپانس دیں اور روڈ یوز ر کو ہر ممکن مدد فراہم کریں ۔ایس ایس پی مسرور عالم کلاچی نے افسران کو ہدایت کی کہ سخت گرمی کے موسم میں قومی شاہراہ پر سفر کے دوران حفاظتی اقدامات کے لیے روڈ یوزرز کو زیادہ سے زیادہ بریفنگ دی جائے ۔ایس ایس پی نے افسران سے کہا کہ موٹر وے پولیس کوملکی اور بین الاقوامی عزت و شہرت ملی ہے اس میں بلاشبہ پولیس افسران کی محنت اور دیانت داری اور روڈ یوزرز کے ساتھ اپنائیت والا دوستانہ رویہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعور کے لیے چلائی جانے والی روڈ سیفٹی مہمات میں لوگوں کو کمزور ٹائرز کی وجہ سے ہونے والے حادثات کے متعلق بتایا جائے اور افسران سے کہا کہ ایسے مقامات جہاں حادثات اور جرائم کی شرح زیادہ ہے کو زیادہ بہتر طور پر مانیٹر کیا جائے ۔
بعد ازاں ایس ایس پی مسرور عالم کلاچینے سنٹرل زون کے مختلف مقامات سے سرپرائز چیکنگ کال کرکے ہیلپ لائن 130 کی کارکردگی اور معیار کو چیک کیا۔