عوامی تعاون کے بغیر کسی بھی معاشرے میں جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں: محمد امین وینس

عوامی تعاون کے بغیر کسی بھی معاشرے میں جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں: محمد امین ...

  



لاہور(سٹی رپورٹر)سی سی پی او کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ اللہ نے برائی کے خاتمے اور حق کے ساتھ کھڑے رہنے کے ساتھ ساتھ سچ کی گواہی دینے کا بھی حکم دیا ہے لہذا ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے ارد گرد ہونے والے کسی بھی جرم کے بارے میں نہ صرف پولیس کو بروقت اس کی اطلاع دیں بلکہ جرائم کے خاتمے میں پولیس کا ہر ممکن ساتھ بھی دیں کیونکہ کسی بھی معاشرے میں عوامی تعاون کے بغیر جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں ۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کی جان مال اور عزت کا تحفظ پولیس کا بنیادی فرض ہے جس کی ادائیگی کیلئے ضروری ہے کہ جن کی حفاظت ہم نے کرنی ہے ان سے ہمار ا تعلق بہت اچھا اور اسی تعلق کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تھانوں میں ا یڈمن افسروں کا پراجیکٹ شروع کیا گیا اور اب بیٹ سسٹم کا آغاز کرکے شہریوں اور پولیس کے درمیان حائل خلیج کو ختم کرنے کیلئے ہرممکن کوشش جاری ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اسلام پورہ سرکل کے بیٹ کوارڈنیٹرز اور مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران کے مشترکہ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔ سی سی پی او کی جانب سے ایس ایچ او اسلام پورہ اورنیو انار کلی کو سٹیج پر بلا کر کہا گیا کہ وہ اور انکے ایڈمن اور بیٹ افسراہلیان علاقہ کو اس بات کی یقین دہانی کرائیں کہ وہ تھانوں میں شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں گے اور انکا مسئلہ حل کرنے کیلئے خلوص دل سے کوشش کرنے کے علاوہ اپنے علاقے میں منشیات فروشی، جواء یادیگر آرگنائزڈ کرائم کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔ ایڈمن افسر نیو انار کلی شفیق محسن نے یقین دہانی کروانے کی بجائے سٹیج پر آکر کہا کہ میری یقین دہانی سے قبل میں اہل علاقہ سے یہ چاہوں گا کہ وہ خود اس بارے میں بتائیں کہ کوئی ایسا شخص ہے جو میرے پاس آیا ہو اور مایوس واپس چلا گیا ہو، اس اعلان کے بعدسامعین میں سے تین چار لوگوں نے اٹھ کر ایڈمن افسر کی بات کی تصدیق کی کہ ہم جب بھی تھانے گئے ایڈمن افسر نے نہ صرف ہماری بات پوری توجہ سے سنی بلکہ ہمارا مسئلہ بھی حل کروا کر دیا۔ایڈمن افسرکے خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہونے پر سی سی پی او نے ان کو CC-IIسرٹیفیکیٹ اور دس ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہاکہ یہی وہ تبدیلی ہے جس کے لئے ہم نے ایڈمن افسر کے پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا اور الحمد اللہ آج اس کے ثمرات مجھ سمیت آپ سب کے سامنے ہیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن سلطان چوہدری نے بھی خطاب کرتے ہوئے بیٹ سسٹم کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی آگاہی دی اور بیٹ کوارڈنیٹرز اور مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران کے کردار پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی ۔

مزید : علاقائی


loading...