ویڈیو سکینڈل کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان ، نوازشریف نے پنجاب پولیس کو تباہ کیا، قصور میں متاثرین پر صلح کیلئے دباﺅ ہے: عمران خان

ویڈیو سکینڈل کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان ، نوازشریف نے پنجاب پولیس کو ...
ویڈیو سکینڈل کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان ، نوازشریف نے پنجاب پولیس کو تباہ کیا، قصور میں متاثرین پر صلح کیلئے دباﺅ ہے: عمران خان

  



ہری پور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قصور ویڈیوسکینڈل کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان کردیا اور کہاکہ مجرموں کو ٹکٹ دیئے جاتے ہیں ، سیاست میں آکر ان کے جرم چھپ جاتے ہیں ، پنجاب پولیس کو نواز شریف نے تباہ کیا ، تباہی کے بعد پھر ناجائز کام کراتے ہیں، پولیس آج بھی قصور کے گاﺅں کو گھیرے میں لیے ہوئے ہے اور مظلوموں کی مدد کی بجائے سمجھوتے کیلئے دباﺅڈال رہی ہے ۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کاکہناتھاکہ سانحہ قصور سے سرشرم سے جھک گئے ، سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں ملوث آج تک کوئی پکڑانہیں گیا ، سانحہ ماڈل پر رانا ثناءاللہ کو پہلے باہر نکالاگیالیکن پھر واپس لے آئے ، آج مجرم رانا ثناءاللہ کہتاہے کہ یہ کوئی زمین کا مسئلہ ہے ، کوئی جرم نہیں ہوا، وہ مجرم اور جھوٹے ہیں ۔ اُنہوں نے کہاکہ یہ نہیں سوچاگیاکہ متاثرہ بچوں کے والدین پر کیا گزری ، ریحام خان نے متاثرین سے بات چیت کی اور آج بھی پولیس نے گاﺅں کو گھیرے میں لے رکھاہے ، اس لیے نہیں کہ مجرم پکڑیں گے بلکہ متاثرین پر سمجھوتے کے لیے دباﺅڈالا جارہاہے ۔

عمران خان کاکہناتھاکہ سابق آئی جی عباس خان نے اپنی رپورٹ میں بتایاکہ پولیس میں سفارشیوں کو بھرتی کیاگیا، ڈسکہ میں پنجاب پولیس نے تھانے کے اندر ہی پی ٹی آئی کے وکیل کو ساتھی سمیت مار دیا، پنجاب پولیس ظالم کیساتھ کھڑی ہوجاتی ہے ،خیبرپختونخواہ پولیس مکمل طورپر غیر سیاسی ہے ۔ صوبے میں بہترین بلدیاتی انتظام لائے ہیں ، جلد عوام اپنا فیصلہ خود کریں گے ، ہری پور کے فیصلے پشاور نہیں بلکہ ہری پور میں ہوں گے ، تعلیم کا نظام بہترکردیا، پہلے طالبعلم سکول جاتے تھے لیکن استاد نہیں ہوتے تھے ، اب سب حاضر ہوتے ہیں ، سمجھ نہیں آتی کہ کرپشن کی باتیں ہوں تو نعرے کیوں شروع ہوجاتے ہیں ، چیلنج کرتاہوں کہ باقی تینوں صوبوں سے خیبرپختونخواہ میں کرپشن کم ہے ، مجھے نوجوانوں سے امید ہے کہ الیکشن کے دن پی ٹی آئی کی ہی فتح ہوگی ۔

مزید : قومی /اہم خبریں