ٹی 20 ورلڈکپ 2016، پاکستان اور بھارت ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے

ٹی 20 ورلڈکپ 2016، پاکستان اور بھارت ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے
ٹی 20 ورلڈکپ 2016، پاکستان اور بھارت ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے

  



نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیشنل ٹی 20 ورلڈ کپ 2016ءکے گروپ میچوں میں ایک بار پھر روائتی حریف پاکستان اور بھارت کا آمنا سامنا ہو گا اور دیکھنا یہ ہے کہ اس بار یہ بازی کون جیتے گا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈ ٹی 20 کیلئے پاکستان، بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھا جائے گا جس کے باعث دونوں ٹیموں کے مابین بھی میچ کھیلا جائے جس کا انتظار ساری دنیا ہی بے صبری سے کرتی ہے۔

واضح رہے کہ ابھی تک آئی سی سی نے آئندہ سال ہونے والے عالمی مقابلوں کے لئے حتمی گروپس کا اعلان نہیں کیا تاہم بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق پاکستان، بھارت اور ویسٹ انڈیز ایک ہی گروپ میں شامل ہوں گے جبکہ پاکستان، ویسٹ انڈیز اور بھارت کے خلاف میچز موہالی یا پھر چنائی میں کھیلے جائیں گے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈکپ کی طرح ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی ابھی تک بھارت کو شکست دینے میں ناکام رہا ہے جبکہ گزشتہ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو گروپ میچ میں شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا تھا۔ پاکستان کے کرکٹ شائقین کو یہ بھی یاد ہو گا کہ پہلے ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت گروپ میچ کے بعد فائنل میچ میں بھی آمنے سامنے ہوئے تھے اور دونوں میچوں میں مصباح الحق نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو جیت کے انتہائی قریب لے آئے تھے تاہم دونوں میچوں میں ہی فتح دلانے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل میچ بہترین تھا جس میں ابتدائی مشکلات کے بعد مصباح الحق نے ہربھجن سنگھ کے اوور میں شاندار چھکے لگا کر میچ پر گرفت مضبوط کر لی تھی اور پاکستان جیت سے محض 6 رنز کی دوری پر رہ گیا تھا جس کے بعد آخری اوور میں صرف1 سکور ہی بن سکا اور 4 گیندیں باقی تھیں تاہم مصباح الحق نے ایک سویپ شاٹ کھیلا جو سیدھا سری سانتھ کے ہاتھوں میں چلا گیا اور یوں پاکستان ایک تاریخی جیت سے محروم ہو گیا۔

مزید : کھیل


loading...