آپ کی بیٹری نئی ہے یا ختم ہوگئی؟ صرف زمین پر پھینک کر ہی پتہ چلا سکتے ہیں، آسان ترین طریقہ جانئے
نیویارک (نیوز ڈیسک) ٹی وی ریموٹ، وال کلاک اور کیلکولیٹر جیسے آلات میں AA بیٹری کا استعمال آج بھی عام پایا جاتا ہے اور اکثر ہمارے گھروں میں یہ پرانے سیل درجنوں کے حساب سے جمع ہوچکے ہوتے ہیں لیکن ہمیں پتا نہیں ہوتا کہ ان میں سے کون سے ابھی قابل استعمال ہیں اور کون سے واقعی ختم ہوچکے ہیں۔
ایک وقت تھا کہ یہ بات مشہور تھی کہ اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ بیٹری سیل میں چارج باقی ہے یا نہیں تو اسے فرش پر گرائیں، اگر یہ فرش سے ٹکرا کر اچھلے تو یہ بالکل ختم ہوچکا ہے ورنہ اس میں چارج باقی ہے اور اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ امریکا کی پرنسٹن یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے بیٹری سیل کو پرکھنے کے اس سادہ اور آسان طریقے پر تحقیق کی تو یہ واقعہ درست ثابت ہوا۔
سائنسی جریدے Journal of Materials Chemistry میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بیٹری سیل کا چارج استعمال ہونے کی صورت میں اس کے اندر موجود زنک پھول جاتا ہے اور جب سیل کو گرایا جاتا ہے تو یہ اسے سپرنگ کی طرح اچھالتا ہے۔ پروفیسر ڈینئیل سٹین گارٹ نے تحقیق کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہر اچھلنے والے سیل کو پھینکنا نہیں چاہیے کیونکہ 50 فیصد چارج ختم ہونے پر بھی سیل اچھلنا شروع کردیتے ہیں، البتہ اگر سیل بالکل نہ اچھلے تو یہ اس بات کی تصدیق ہے کہ یہ چارج سے بھرا ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیسٹ کرنے کیلئے یاد رکھیں کہ سیل کو پیندے کے بل فرش پر گرانا ہے۔
روزنامہ پاکستان کی اینڈرائڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے کلک کریں