جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول میں ٹگ آف وار ایونٹ کا آغاز
کوٹری (یوا ین پی)حیدر آباد ڈویڑنل اولمپک اسپورٹس کمیٹی کے زیر اہتمام دی آئیکون پاکستان اور حیدر آباد ٹگ آف وار ایسو سی ایشن کے اشتراک سے جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول حیدر آباد میں ٹگ آف وار ایونٹ کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی اسلم مہر تھے جبکہ ساجد احمد جونیجو اعزازی مہمان تھے جن کی آمد پر ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا اور حیدر آباد اولمپک اور ڈویڑنل ٹگ آف وار کے ایگزیکٹو آفیشلز خرم رفیع صدیقی ، پر ویز احمد شیخ اور عائشہ ارم نے انہیں اجرک کے تحائف پیش کئے۔ سندھ ٹگ آف وار ایسو سی ایشن کے سیکریٹری جاوید اقبال کی ہدایات پر کھیلے جا رہے مذکورہ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں کوٹری شاہینز نے اسٹوڈنٹس کلب کوٹری کو2۔0سے ہرادیا جبکہ دوسرے میچ میں کوٹری زور آور نے جامشورو کوئنز کو2۔0سے شکست دی۔ بوائز ایونٹ کے پہلے میچ میں آئرن مین کلب کوٹری نے اسٹوڈنٹس کلب کوٹری کو جبکہ رفحان نے ودیدہ کلب کوٹری کو2۔0سے ہرا دیا۔ گرلز ایونٹ کے فائنل میں کوٹری زور آور نے کوٹری شاہینز کو2۔0سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ نمایاں کھلاڑیوں میں اسماء ، عروج، ماہ نور، دیبا، تلسی، رابعہ اور دیگر شامل تھیں۔
عائشہ ارم گرلز کی تقریب تقسیم انعامات کی مہمانِ خصوصی تھیں۔