انڈر 19ایشیا کپ ، پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھارت میں انعقاد پر اعتراض

انڈر 19ایشیا کپ ، پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھارت میں انعقاد پر اعتراض

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث بھارت میں ہونے والے انڈر19 ایشیا کپ کو دوسرے ملک منتقل کرنے پر زور دیتے ہوئے اس پر اعتراض کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بھارت کو انڈر 19 ایشیا کپ کی میزبانی کے تمام حقوق تفویض کردئیے گئے ہیں تاہم پی سی بی رواں ماہ 11 اگست اور 12 اگست کو ایشین کرکٹ کونسل (ایسی سی) کے دوروزہ اجلاس میں اس حوالے سے قرار داد لائے گا پی سی بی کی ایگزیکیٹیو کمیٹی کے سربراہ اور بورڈ کے متوقع نئے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس وقت پاکستان اے سی سی کا سربراہ ہے اور ہم 12 اگست کو کولمبو میں اس معاملے پر بات کریں گے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ میں حصہ لینا چاہتا ہے لیکن ٹیم کو کسی غیرمتوقع صورت حال سے دوچار کرنا نہیں چاہتے۔انہوں نے کہاکہ بھارت اور پاکستان کے باہر بھی کئی محفوظ اورغیرجانبدار مقامات ہیں جہاں چمپیئن شپ کھیلی جاسکتی ہے۔پی سی بی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم اے سی سی کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے ٹورنامنٹ کھیلنا چاہتے ہیں لیکن موجودہ صورت حال میں ہندوستان میں کھیلنا ممکن نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ ویزا اور دیگر مسائل بدستور موجود ہیں اور ہم ٹورنامنٹ کے حوالے سے کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتے۔انڈر۔19 ایشیا کپ کا انعقاد رواں سال نومبر میں بنگلور میں ہوگا۔دوسری جانب پی سی بی نے بی سی سی آئی کو 2014 میں ہونے والے معاہدوں کی پاسداری کیلئے بھی ایک نوٹس بھیج دیا ہے جس میں 2015 سے 2023 کے دوران دوطرفہ سیریز کی میزبانی پر معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 13۔2012 میں کھیلی گئی تین میچوں کی ایک روزہ سیریز کے بعد اب تک کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی تاہم اس دوران دونوں ٹیمیں 8 مرتبہ مدمقابل ہوچکی ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی