اجوکا تھیٹر کے کھیل ’’ دارا‘‘ پر مبنی فلم کی الحمرا ہال میں سکریننگ

اجوکا تھیٹر کے کھیل ’’ دارا‘‘ پر مبنی فلم کی الحمرا ہال میں سکریننگ

لاہور(فلم رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل کے تعاون سے اجوکا تھیٹر نے الحمرا ہال تھری میں اپنے مقبول کھیل’’ دارا‘‘ کی خصوصی سکریننگ کا اہتمام کیاگیا جسے تعمیری تھیٹر کے شائقین کی جانب سے زیردست پذیرائی ملی ۔ دو گھنٹے دورانئے پر مشتمل یہ فلم اجوکا تھیٹر کے ڈائریکٹر شاہد محمود ندیم کے تحریر کردہ کھیل ’’ دارا‘‘ کے انگلش ورزن پر مبنی تھی جسے برطانیہ کے نیشنل تھیٹر نے دو برس قبل تیار کیا تھا اور برطانیہ میں 36شوز کے دوران اسے 30ہزار سے زائد افراد نے دیکھا تھا۔ فلم کی کہانی مغل شہنشاہ شاہ جہاں کے بیٹوں دارا شکوہ اور اورنگ زیب عالمگیر کے درمیان ہونے والی کشمکش پر مبنی ہے اور برصغیر کی تاریخ میں محفوظ حقائق کو فکری انداز میں شائقین کے سامنے پیش کرتی ہے۔ نمائش کے بعد سوال و جواب کی خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں شاہد محمود ندیم کے علاوہ ، لعل بینڈ کے لیڈ سنگر ڈاکٹر تیمور رحمان اور برطانوی میڈیا پراجیکٹ ’’ سموسہ‘‘ کے انور اختر نے حصہ لیا اور دارا کی انگلش پروڈکشن اور اسکی تاریخی و ثقافتی اہمیت کے حوالے سے اظہار خیال کیا ۔ مقررین کے مطابق مغل شہزادے دارا شکوہ نے اپنی زندگی میں امن و محبت، برداشت، بھائی چارے اور رواداری کے پیغام کا پرچار کیا، فلم اسی فکر اور سوچ کو عصر حاضر میں اجاگر کرتی ہے ۔

مزید : کلچر