پنجاب میں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں : سپیکر کورین نیشنل اسمبلی

پنجاب میں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں : سپیکر کورین نیشنل ...

 لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر انڈسٹریز و تجارت وانویسٹمنٹ شیخ علاؤالدین نے کہا ہے کہ پنجاب اور کورین حکومت ملکر انڈسٹری کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں اور کوریا کے ساتھ تعلقات بہت دیرینہ اور مستحکم ہیں ،کوریااور پاکستان کی تاریخ میں بہت مماثلت ہے جبکہ دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے جنوبی کوریا سے آئے ہوئے کورین وفد کے ہمراہ لاہور چیمبرمیں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سپیکر نیشنل اسمبلی کوریا چنگ سئی کیون، 6ارکان ودیگر حکام،ہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، نائب صدر محمد ناصر حمید خان، صوبائی وزیر صنعت شیخ علاؤالدین، ایم این اے قیصر احمد شیخ ، ٹیوٹا چیئرمین عرفان قیصر شیخ، ظفر اقبال چودھری، ذیشان خلیل، میاں عبدالرزاق، اویس سعید پراچہ، میاں محمد نواز، طارق محمود، طاہر منظور چودھری، سید مختار علی اور کورین پارلیمنٹ کے اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔سپیکر نیشنل اسمبلی کوریا چنگ سئی کیون نے کہا کہ انہیں پاکستان بالخصوص لاہور آکر ہمیشہ بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ لاہور میں بہت مضبوط اندسٹری کا انفراسٹرکچر موجود ہے۔انھوں نے کہاکہ پنجاب میں تعلیم‘صحت اور انڈسٹری کے پراجیکٹ میں ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں اور کورین چیمبر آف کامرس کی خواہش ہے کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کی جائے۔صوبائی وزیرنے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کورین وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب میں نوجوان مہارت یافتہ لیبر بہت بڑی تعداد میں موجود ہے۔لاہور آف چیمبر کامرس بھی کورین حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہے،دونوں ممالک کا مقصد تجارت اور باہمی تعلقات کو فروغ دینا ہے اور دونوں ممالک کی تاریخ اہمیت کی حامل ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کورین یونیورسٹیز میں پاکستانی سٹوڈنٹس کو سکالر شپ کو مواقع فراہم کئے جا نے چاہیءں،ہیلتھ سیکٹر میں دونوں ممالک کے ڈاکٹرز کو ایک دوسرے کے تعاون سے آگے بڑھنا چاہیے۔

اجلاس کے اختتام پر اسپیکر نیشنل اسمبلی کوریا چنگ سئی کیون،ممبران نیشنل اسمبلی کوریا اور کورین حکام کو پنجاب حکومت کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

مزید : کامرس