توانائی کے منصوبے مقررہ مدت کے مطابق مکمل کئے جارہے ہیں ، ترجمان سی پیک سیکرٹریٹ

توانائی کے منصوبے مقررہ مدت کے مطابق مکمل کئے جارہے ہیں ، ترجمان سی پیک ...

اسلام آباد (اے پی پی) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) سکرٹریٹ کے ترجمان نے کہاہے کہ سی پیک کے تحت بجلی کے منصوبے بلا تاخیر اپنے مقررہ مدت کے مطابق مکمل کئے جارہے ہیں، اس حوالے سے پاکستان اور چین کے مابین کسی قسم کا کوئی ابہام موجود نہیں۔ بدھ کو یہاں جاری بیان میں ترجمان نے کہاکہ توانائی کے منصوبے ملک میں جاری بجلی بحران کے پیش نظر شروع کئے گئے تھے جس میں اب تک چار منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ دیگر کئی منصوبے اپنی شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کے حوالے سے ایک اخبارنے حقائق کو مسخ کرکے غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال دسمبر میں پاکستان اور چین نے باہمی رضامندی سے مشترکہ تعاون کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا تھا کہ بجلی منصوں کی فہرست پرنظر ثانی کی جائے گی اور جو منصوبے سائنسی وتکنیکی بنیادوں پر ناقابل عمل قرار پائے ہیں اس کی جگہ نئے منصوبے شامل کئے جائیں گے، اس فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے دونوں جانب کے ماہرین نے فروری میں مذاکرات کئے اور مئی میں اوبی او آر فورم کے موقع پر باقاعدہ معاہدے پر دستخط ہوئے جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بجلی منصوبوں کی صلاحیت 17045میگا واٹ اور مختص فنڈز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، بجلی منصوبوں کی فہرست پر نظر ثانی کے بعد دریائے سندھ پر پن بجلی منصوبے شروع کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بجلی منصوبوں کی نظر ثانی شدہ فہرست سائنسی تجزیے و باقاعدہ تحقیق و باہمی رضامندی کے بعد تیار کی گئی تھی جو سی پیک کی ویب سائٹ کے ذریعے باقاعدہ جاری کی گئی،۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کہ کسی ناقابل عمل منصوبے کو شروع کرنا شاید ملک کیلئے زیادہ نقصان دہ ہوتا لہذا شفافیت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے باہمی رضامندی سے بجلی منصوبوں کی نئی فہرست مرتب کی گئی، واضح رہے کہ سی پیک منصوبوں پر تندہی سے کام جاری ہے اوردونوں مماملک اپنے اس عزم پر قائم ہیں کہ سی پیک کے تمام منصوبوں کومکمل کرکے اسے ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا اور یہ منصوبہ پاکستان سمیت پورے خطے میں معاشی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

مزید : کامرس