سی پیک کے تحت اسلام آباد اقتصادی زون کے قیام کیلئے اقدامات جاری

سی پیک کے تحت اسلام آباد اقتصادی زون کے قیام کیلئے اقدامات جاری

اسلام آباد (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت اسلام آباد اقتصادی زون کے قیام کے لئے اقدامات جاری ہیں ، اقتصادی زون (ایم ٹو ) کیلئے300 سے 500ایکڑ اراضی حاصل کی جاچکی ہے اورصنعتی بستی کے قیام کیلئے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ وزارت منصوبہ بندی کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ اقتصادی زون میں سٹیل اور سٹیل فیبریکیشن، پھلوں اوراشیائے خوراک کی پیکجنگ، فارما سیوٹیکل اینڈ کیمیکلز، پرنٹنگ اینڈ پیکجنگ، لائٹ انجینئرنگ اور ماربل اینڈ گریمائٹ پروسیسنگ اوردیگر متعلقہ صنعتوں کے قیام اوران کیلئے سہولیات پر توجہ دی جائے گی۔ حکام کے مطابق سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستان میں چین کے تعاون سے صعنتی انقلاب برپا ہوگا‘ اس مرحلہ میں ملک کے چاروں صوبوں ‘ گلگت بلتستان ‘ فاٹا اور آزاد کشمیر میں مجموعی طورپر 9 صنعتی زونز بنائیں جائیں گے ۔چھٹی جے سی سی اجلاس میں پاک چین صنعتی تعاون کے شعبے میں کام مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پاک چین صنعتی تعاون کے تحت صوبوں کی جانب سے منتخب9 زونز کی شمولیت کا فیصلہ ہوا ،اس مقصد کیلئے صوبوں نے مختلف مقامات کی نشاندہی کی تھی۔

جن میں خیبر پختونخوا کی جانب سے رشکئی اکنامک زون اور سندھ کی جانب سے چائنہ اکنامک زون داریجی، بلوچستان کی جانب سے بوستان اکنامک زون اورپنجاب کی جانب سے چائنہ اکنامک زون شیخوپورہ، گلگت بلتستان کی جانب سے مقپون داس گلگت جبکہ کشمیر کی جانب سے بھمبر صنعتی زون کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی تھی،دارالحکومت اسلام آباد میں آئی سی ٹی ماڈل انڈسٹریل زون اورپورٹ قاسم میں پاکستان سٹیل میل کی اراضی پرانڈسٹریل پارک بنانے جبکہ فاٹا کی جانب سے مومند ماربل انڈسٹریل زون بنانیں جائیں گے۔

مزید : کامرس