حکومت چینی کے بحران پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھائے‘لاہورچیمبر

حکومت چینی کے بحران پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھائے‘لاہورچیمبر

لاہور ( کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے چینی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ مقامی صارفین کو اس سے محفوظ رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق مارکیٹ میں چینی کی مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے، شوگر ملز کے پاس چینی کا 30لاکھ ٹن سٹاک موجود ہے جس میں سے حکومت نے تین لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی جس کے بعد ملز مالکان نے ایکسپورٹ آرڈرز لے لیے لیکن سٹیٹ بینک کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری نہ ہونے کی وجہ سے آرڈر ز کینسل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملز نے چینی ایکسپورٹ کرکے ڈالرز میں ریبیٹ لینے کے لیے مقامی مارکیٹ کو چینی کی سپلائی بند کردی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف چینی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے بلکہ مقامی صارفین کے لیے چینی کا سنگین بحران پیدا ہونے کا خطرہ بھی منڈلا رہا ہے۔ محمد ناصر حمید خان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے اور شوگر ملز کے ساتھ مذاکرات کرکے نہ صرف ان کے حقیقی مسائل حل کرے بلکہ ان سے یہ یقین دہانی بھی لے کہ مقامی صارفین کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونے دی جائے گی۔

مزید : کامرس