11کروڑ کی سمگل شدہ اشیاء کی ضبطگی خوش آئند ہے،عارف قاسم
لاہور(کامرس رپورٹر)تاجر رہنما سابق صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور عارف قاسم نے ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کی جانب سے انسداد سمگلنگ مہم کے تحت جولائی میں کارروائی کرتے ہوئے 17کارروائیوں میں 11کروڑکی سمگل شدہ اشیاء کی ضبطگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سمگلنگ ایک ناسور ہے کرپٹ افسران کی موجودگی میں اس کا خاتمہ ناممکن ہے
انہوں نے کہا کہ حکومت کو تجارت اور ٹیکس کے موجودہ نظام کے اندر ترجیحی بنیادوں پر تبدیلی پیدا کرنی چاہیے ۔ تاجر برادری بھی سمگلنگ جیسے سنگین جرم کو ترک کرکے اصول اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے تجارت کریں اسی میں ملک کی نیک نامی ہے اور ملک کے اندر صنعتوں کی ترقی کا راز مضمر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنعتکاروں کے ایک وفد سے گفتگ کرتے ہوئے کیا ۔ عارف قاسم نے سگلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اور ڈیوٹی میں کمی سے اس کی حوصلہ شکنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایماندار تاجر جو ڈیوٹی ادا کرکے حکومتی خزانے میں رقم جمع کروا کر اشیاء منگواتے ہیں وہ سمگلنگ شدہ اشیاء کا مقابلہ نہیں کرسکتے جوبغیر ڈیوٹی سمگلنگ کرکے اشیاء مارکیٹ میں سستے داموں فراہم کردیتے ہیں جبکہ ڈیوٹی شدہ اشیاء مہنگی ہونے کے باعث ایماندار تاجر ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے ۔۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ افسران کی موجودگی میں کبھی بھی سمگلنگ کو ختم نہیں کیاجاسکتا۔اس لیے حکومت کو کرپٹ کسٹمز افسران کا خاتمہ کرنا چاہیئے ا نہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائے ۔تاجر برادری سے بھی اپیل ہے کہ وہ سمگلنگ کو ترک کرے اور حکومت کا ساتھ دے کر ملک کے اندر بننے والی مصنوعات کے فروغ کی طرف توجہ دے۔اس طرح ملک صنعتی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔