قائد اعظم ؒ نے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا،مرزا محمد اسلم

قائد اعظم ؒ نے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا،مرزا محمد اسلم

لاہور (پ ر) تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکن مرزا محمد اسلم نے کہا ہے کہ قائداعظمؒ نے صوبائیت ، لسانیت، فرقہ واریت اور ذات پات کے بت توڑ کر مسلمانوں کوایک پلیٹ فارم پریکجا کردیا۔ ہندواور مسلمان ہر لحاظ سے الگ قوم ہیں اور یہی دوقومی نظریہ ہے جس کی بنیاد پر پاکستان معرض وجود میں آیا۔ پاکستان عطیۂ خداوندی ہے ان خیالات کااظہارانہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں 70ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ’’میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘‘ کے عنوان سے لیکچر کے دوران طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس لیکچر کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیاتھا۔مرزا محمد اسلم نے کہا کہ 1857ء کی جنگ آزادی کے بعد مسلمانوں کو ہر شعبہ ہائے زندگی میں پسماندہ رکھنے کی کوشش کی گئی۔اس دور میں سرسید احمد خان، مولانا محمد شبلی نعمانی، نواب محسن الملک ،مولانا محمد علی جوہر، مولانا شوکت علی جوہر، مولانا الطاف حسین حالی ودیگر مشاہیر نے مسلمانوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ علامہ محمد اقبالؒ نے علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا۔قائداعظمؒ کی قیادت میں مسلمان ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو گئے ۔انگریز اور ہندو مسلم لیگ کو مسلمانان برصغیر کی نمائندہ جماعت تسلیم کرنے کو تیار نہیں تھے لیکن 1945-46ء کے انتخابات میں مسلم لیگ کی بے مثال کامیابی نے یہ ثابت کردیا کہ آل انڈیا مسلم لیگ ہی مسلمانوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔قائداعظمؒ نے مسلمانوں کو ہندو ذہنیت سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے ایمان،اتحاد،تنظیم ،یقین محکم کے سنہری اصول بتائے ،ترقی کرنے کیلئے ہمیں ان پرعمل کرنا چاہئے۔ہندواور مسلمان ہر لحاظ سے الگ قوم ہیں اور یہی دوقومی نظریہ ہے جس کی بنیاد پر پاکستان معرض وجود میں آیا۔تحریک پاکستان میں بنگالیوں نے بھی بھرپور حصہ لیا،قرارداد پاکستان بھی شیر بنگال مولوی اے کے فضل الحق نے پیش کی تھی۔مرزا محمد اسلم نے پروگرام کے دوران تحریک پاکستان‘1945-46ء کے انتخابات اور قائداعظمؒ کو دیکھنے کے حوالے سے چشم دید واقعات بھی طالبات کو سنائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1