کنٹینر سیاست پر تنقید کرنے والے کس منہ سے احتجاج کر رہے ہیں،عبدالعلیم خان
لاہور( نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کل تک عمران خان کو کنٹینر سیاست کا طعنہ دینے والے آج کس منہ سے جی ٹی روڈ کا رخ کر رہے ہیں درحقیقت شریف خاندان کی کرپشن کے خلا ف سامنے آنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ نے نواز شریف کو جی ٹی روڈ پر پہنچادیا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹس میں دائر ہونے والے ریفرنسز کا فیصلہ ہونے دیں،پورا خاندان رائیونڈ روڈ تک محدود ہو کر رہ جائے گا،عبدالعلیم خان نے نوازلیگ کی ریلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں نااہل قرار دیئے جانے والے سابق وزیر اعظم نے اپنی رسوائی کے باوجود کوئی سبق نہیں سیکھا۔تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنی ناکام سیاست کا خود ہی جنازہ نکال دیا ہے ، (ن) لیگ کی سرکاری ملازموں کی ریلی میں عوام نے نہ شرکت کر کے کرپشن کے گارڈ فادر نواز شریف اور انکے درباریوں کی منافقت کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ دفن کر دیا ہے ، نواز شریف کے لئے نکالے جانے والی ریلی میں سرکاری مشینری اور سرکاری وسائل کو استعمال کیا جا رہا نظام زندگی کو ایک قومی مجرم کے لئے مفلوج کر دیا ہے۔سر براہ میڈیا سیل تحریک انصاف پنجا ب ڈاکٹر شاہد صد یق خان نے کہ ہے کہ شہباز شریف کی نا اہلی نواز شریف سے کہیں آسان ہے، عدالتی حکم کے بعد نیب حدیبیہ پر ریفرنس دائر کرنے کا پابند ہے اس کے بعد شہبازشریف کا کسی بھی عہدے پر رہنا نا ممکن ہو جائیگا کیونکہ ان پر بھی منی لانڈرنگ سمیت سنگین الزامات ہیں، شہباز شریف کیخلاف اسمبلی، الیکشن کمیشن اور عدالتوں سے رجوع کرتے ہوئے انکی اہلیت چیلنج کرینگے۔