عید سے قبل اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ انتظامی ناکامی ہے،عزیز الرحمن چن
لاہور(پ ر) پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ عید سے پہلے اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے پنجاب حکومت کی دعوؤں کو خاک میں ملا دیا ہے صوبے میں کہیں حکومت نام کی چیز نظر نہیں آ رہی۔ منافع خور مافیا نے باہمی گٹھ جوڑ سے اشیا کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ کر کے حکومت کی غیر فعالیت کا ثبوت دے دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت جمہوریت کا تسلسل ہے جس کی بنیاد صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی نے رکھی، آصف علی زرداری نے پبلسٹی کی بجائے ٹھوس اقدامات کئے۔پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ بیس کروڑ عوام کے لیڈر ہونے کے دعوے دار سابق نا اہل وزیراعظم میاں نواز شریف تین ہزار سے زائد لوگوں کو بھی سڑکوں پر نہ نکال سکے ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ و ہ نام نہاد روڈ مارچ کرکے اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی مارنے جارہے ہیں۔پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے سابق جنرل سیکرٹری عبدالکریم میو کی رہائش گاہ رائے ونڈ پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور کے رہنماء نصیر احمد، حاجی اللہ رکھا بھٹی، غلام حسین کھوکھر، محمد صدیق انصاری ، خالد محمود نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ایک نا اہل شخص کی کرپشن اور نا اہلی پر پردہ ڈالنے کے لیے بدحواس ہو کر سڑکوں پر ذلیل خوار ہو رہے ہیں۔ سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ اپنی نا اہلی اور کرپشن کو چھپانے کے لیے قومی سلامتی اور دیگر اداروں پر کیچڑاچھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔