جنرل ہسپتال،مزید 582نرسوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں

جنرل ہسپتال،مزید 582نرسوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب پبلک سروس کمیشن سے بھرتی ہونے والی 582مزید چارج نرسوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔حکومت کے اس اقدام سے سینکڑوں خاندانوں کو روزگارملنے کے علاوہ مریضوں کا علاج معالجہ پہلے سے بہتر اور نگہداشت کا معیار بلند ہو گا۔ پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب اور ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر غلام صابر نے شعبہ طب کو جوائن کرنے وال نرسوں کو بہتر مستقبل کی نوید سناتے ہوئے انہیں انسانیت کی خدمت کے مشن کو اپنی تمام تر ترجیحات سے بالا تر رکھتے ہو ئے اپنی زندگیوں اور آخرت کو سنوارنے کی راہ دکھا دی ۔ پرنسپل اور ایم ایس نے نرسنگ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ایل جی ایچ سے دکھی انسانیت کا مشن لے کر پیشہ وارانہ کیرئیر کی ابتدا کرنے والی نرسوں کو حکومت کی صحت پالیسیوں کے علاوہ ڈینگی ،پولیو سیمیت دیگر بیماریوں سے شہریوں کومحفوط رکھنے ، انفیکشن کنٹرول ، مریضوں کو بلا تاخیر طبی سہولیات کی فراہمی، طبی ریکارڈ مکمل رکھنے، ڈسپلن کی پابندی اور خوش اخلاقی کے بارے روزانہ کی بنیاد پر لیکچرزدیے جائیں اور نئی بھرتی ہونے والی نرسوں کی تعلیمی اسناد کی فوری جانچ پرتال متعلقہ بورڈ ز سے کرائی جائے ۔ پروفیسر غیاث النبی طیب اور ڈاکٹر غلام صابر نے کہا کہ پاکستان میں طب کی تاریخ میں پہلی بار موجودہ حکومت نے وزیر اعلی شہباز شریف کی میرٹ اور شفافیت کی پالیسی کے تحت نرسوں کی بھرتی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی تاکہ کسی بھی اہل امیدوار کی حق تلفی نہ ہو اور سفارش اور اقربا پروری کے کلچر کا خاتمہ ہو۔

مزید : میٹروپولیٹن 1