مصر میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ ،ایک پولیس اہلکار ہلاک
قاہرہ(این این آئی)مصر کے جنوبی صوبے قنا میں مشتبہ دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ پولیس نے صوبے قنا کے پہاڑی علاقے میں داعش سے وابستہ جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مار کارروائی کی تھی۔پولیس نے پہلے فائرنگ کر کے دو مسلح افراد کو ہلاک کردیا اور پھر مسلح جنگجوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار مار ا گیا ہے۔
اس واقعے سے قبل اسی ہفتے تاریخی شہر الاقصر کے جنوب میں واقع شہر اِسنا میں جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہوگیا تھا۔ کسی گروپ نے ان دونوں حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی ۔مصر میں مسلح جنگجو سکیورٹی فورسز پر آئے دن حملے کرتے رہتے ہیں۔ پہلے یہ حملے زیادہ تر جزیرہ نما سیناء تک محدود تھے لیکن اب مصر کے قبطی عیسائیوں پر بھی داعش اور دوسرے گروپوں سے وابستہ مسلح جنگجو حملے کررہے ہیں۔ قبطی عیسائی مصر کی سب سے بڑی اقلیت ہیں۔