شمالی کوریا کا امریکی فوجی اڈے گوام کو نشانہ بنانے پر غور
پیانگ یانگ،نیوجرسی(آن لائن+این این آئی)شمالی کوریا نے کہا ہے کہ وہ بحرالکاہل میں امریکی جزیرے گوام کو میزائل سے نشانہ بنانے کے بارے میں غور کر رہا ہے۔شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا میں یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد آیا کہ شمالی کوریا کو 'آگ اور غصے' کا سامنا کرنا ہوگا۔شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے سی این اے نے کہا کہ وہ گوام پر درمیانے اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ داغنے کے منصوبہ بندی ہورہی ہے ۔ایک نیوز ایجنسی نے کہا کہ شمالی کوریا گوام کے پاس کے علاقوں کو حصار میں لینے والی آگ کے منصوبے کے بارے میں غور کر رہا ہے۔امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان تازہ ترین بیان میں ایک فوجی بیان کا ذکر تھا جو کہ بظاہر گوام میں امریکی فوجی مشق کے جواب میں آیا تھا۔خیال رہے کہ گوام میں امریکہ کے جنگی بمبار طیارے تعینات ہیں اور حالیہ دنوں ان کے درمیان شدید قسم کی بیان بازیوں کا سلسلہ چل نکلا ہے۔حال ہی میں اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی قرارداد کو متفقہ طور پر تسلیم کیا تھا جس پر پیانگ یانگ نے اپنی خود مختاری کی متشدد خلاف ورزی سے تعبیر کرتے ہوئے امریکہ کو اس کی قیمت چکانے کی دھمکی دی تھی۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاتھا کہ اگر جنوبی کوریا نے امریکہ کو مزید دھمکی دی تو اسے ' آگ اور غصے' کا سامنا کرنا پڑے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا 'شمالی کوریا امریکہ کے خلاف مزید دھمکیاں دینا بند کرے ورنہ اسے ایک ایسی آگ اور غصے کا سامنا کرنا ہو گا جسے دنیا نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہو گی۔امریکی صدر کا یہ بیان واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں امریکی انٹیلیجنس کے اہلکاروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پیانگ یانگ نے اپنے میزائلوں کے اندر فٹ ہونے والے چھوٹے کیمیائی وار ہیڈ تیار کر لیے ہیں۔اس کا مطلب یہ ہے کہ شمالی کوریا امریکہ کی توقع سے کہیں زیادہ تیزی سے کیمیائی ہتھیار تیار کر رہا ہے جو امریکہ کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ نے سنیچر کو متفقہ طور پر شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں کی توثیق کی تھی۔چین شمالی کوریا کا واحد اتحادی ملک ہے۔
، تاہم اس نے بھی اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ ماضی میں وہ شمالی کوریا کو ویٹو کے ذریعے ضرر رساں پابندیوں سے بچاتا رہا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فیصلہ شمالی کوریا کی جانب سے بار بار میزائل تجربات کے بعد سامنے آیا تھا۔ بیان میں شمالی کوریا نے کہا کہ وہ اپنے متنازع جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے پروگرام کو جاری رکھے گا۔شمالی کوریا نے امریکہ کو متنبہ کیا تھا کہ وہ جوابی کارروائی کرے گا اور امریکہ کو اس کی قیمت چکانی ہو گی۔این این آئی کے مطابقامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا دنیا کو ایٹمی حملوں کی دھمکیاں دے رہا ہے،شمالی کوریا کی دھمکیوں پر چپ نہیں بیٹھیں گے۔امریکی ٹی وی کے مطابق امریکی صدر نے ان خیالات کا اظہار نیو جرسی میں ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا دنیا کو ایٹمی حملوں کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ اگر شمالی کوریا نے ایسا ہی رویہ رکھا تو اس کا ایسا بھرپور اور سخت جواب دیں گے کہ دنیا یاد رکھے گی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی دھمکیوں پر چپ نہیں بیٹھیں گے، بھرپور جواب دیا جائے گا۔