برطانیہ محفوظ اور خوشحال پاکستان کیلئے نئے وزیر اعظم کیساتھ کام آگے بڑھانے کو تیار ہے :تھریسامے

برطانیہ محفوظ اور خوشحال پاکستان کیلئے نئے وزیر اعظم کیساتھ کام آگے بڑھانے ...

لندن/اسلام آباد(اے این این) برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے کہاہے کہ برطانیہ پاکستان کا قابل اعتماد اور دیرینہ دوست ہے اور رہے گا، ایک محفوظ، مستحکم اورخوشحال پاکستان کیلئے نئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیساتھ کام کو آگے بڑھانے کو تیار ہیں۔ میڈیارپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے نئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لکھے گئے ایک خط میں انہیں وزارت عظمیٰ کامنصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ، پاکستان کا قابل اعتماد اور طویل عرصے سے دوست ہے اور رہے گا قوم کی حیثیت سے ہمارے تعلقات گہرے ہیں، لوگوں میں مضبوط رابطے اور مشترکہ تاریخ اور مستقبل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط تعلقات کی خواہاں ہیں، ایک محفوظ ،مستحکم اورخوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے برطانیہ نئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ کام کو آگے بڑھانے کو تیار ہے۔ تھریسامے نے ماضی میں بحیثیت برطانوی ہوم سیکرٹری کے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شاہد خاقان عباسی کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ برطانوی وزیراعظم نے 2017ء کو خصوصی طور پر مشترکہ تعلقات کی اہمیت کا سال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ پاکستان 70واں یوم آزادی منارہا ہے، ہم بھی 70سالہ مشترکہ تعلقات کو منا رہے ہیں، اسلام آباد میں موجود ہمارا کمیشن اور لندن میں قائم دفترخارجہ اس اہم ایونٹ کو منانے کیلئے برطانیہ اور پاکستان میں تقاریب کا انعقاد کریں گے۔

تھریسامے

 

مزید : علاقائی