ڈاکٹر جاوید اقبال کا نام محکمہ ماحولیات میں پراجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے کیلئے زیر غور نہ لانے کیخلاف دائر درخواست پر جواب طلب

ڈاکٹر جاوید اقبال کا نام محکمہ ماحولیات میں پراجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے کیلئے ...

لاہور(نامہ نگارخصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے سابق ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر جاوید اقبال کو میرٹ پر پورا اترنے کے باوجود محکمہ ماحولیات میں پراجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے کے لئے زیر غور نہ لانے کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے تفصیلی جواب طلب کر لیاہے۔درخواسدت گزارسابق ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر جاوید اقبال نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی جانب سے پراجیکٹ ڈائریکٹر ماحولیات کی مشتہر ہونے والی اسامی پراپلائی کرنے کے باوجود انہیں زیر غور نہیں لایا جا رہا،انہوں نے بتایا کہ وہ متعلقہ عہدے کے لئے تعلیم اور تجربہ رکھتے ہیں مگر انہیں جان بوجھ کر نظر اندازکیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ مطلوبہ تعلیمی اہلیت کے مطابق انہوں نے ماحولیاتی سائنسز اور انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے جبکہ 15سالہ تجربہ مکمل کرنے کے ساتھ ان کی ڈگری ہائر ایجوکیشن سے تصدیق شدہ ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ عدالتی فیصلہ آنے تک ڈائریکٹر ماحولیات کی بھرتی پر عمل درآمد روکا جائے تاہم عدالت نے بھرتی کے عمل کو روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پنجاب حکومت ، پنجاب پبلک سروس کمیشن اور دیگر مدعا علیہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15اگست تک ملتوی کر دی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو بھی عدالتی معاونت کے لئے طلب کر لیاہے۔

مزید : علاقائی