وکلاء پر عائد کئے گئے پروفیشنل ٹیکس کی وصولی روکنے کے حکم امتناعی میں 26اگست تک توسیع

وکلاء پر عائد کئے گئے پروفیشنل ٹیکس کی وصولی روکنے کے حکم امتناعی میں 26اگست ...

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے وکلاء پر عائد کئے گئے پروفیشنل ٹیکس کی وصولی روکنے کے حکم امتناعی میں 26اگست تک توسیع کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیاہے۔درخواست گزار کے وکلاء کی طرف سے موقف اختیا رکیا گیا کہ وکلاء اپنی آمدنی پر پہلے ہی ٹیکس ادا کر رہے ہیں مگر حکومت کی جانب سے ان پر پروفیشنل ٹیکس عائد کر دیا گیا جو کہ قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔انہوں نے بتایا کہ قوانین کے تحت ایک ٹیکس کی موجودگی میں دوسرا ٹیکس عائد نہیں کیا جا سکتا ،عدالت وکلاء پر عائد کئے گئے پروفیشنل ٹیکس کو کالعدم قراردے۔پنجاب ریونیو اتھارٹی کے وکیل ملک اویس خالد نے موقف اختیارکیا کہ پروفیشنل ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے جاری شیڈول کے مطابق ہی ٹیکس نوٹس بھجوائے گئے ہیں جس پرعدالت نے پہلے سے جاری حکم امتناعی میں 26اگست تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

مزید : علاقائی