محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹس کی دوسرے روز بھی ہڑتال،دھرنے،ریلیاں

محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹس کی دوسرے روز بھی ہڑتال،دھرنے،ریلیاں

خانیوال،بوریوالا،کوٹ ادو،رحیم یار خان، ہارون آباد،راجن پور(نمائندگان)محکمہ زراعت کے ملازمین،فیلڈ اسسٹنٹ اور زراعت انسپکٹرز کی جانب سے مطالبات کے حق میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رہی،سیاہ پٹیاں باندھ (بقیہ نمبر46صفحہ12پر )

کر احتجاج،دھرنے،ریلیاں بھی نکالی گئیں مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان اس سلسلے میں ایگریکلچر فیلڈ اسسٹنٹس /زراعت انسپکٹر ایمپلائر یونین پنجاب کے صدر ودیگر عہدیداران کی ہدایت پر پنجاب بھر کی تمام تحصیل سطح پر محکمہ زراعت توسیع کے ملازمین کی ہڑتال دوسرا روز بھی جاری رہی ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع خانیوال کے دفتر کے سامنے ملازمین نے دھرنا دیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹس اور زراعت انسپکٹر نے اپنے آفس سے ڈسٹرکٹ پریس کلب خانیوال تک احتجاجی ریلی نکالی۔اس موقع پر ایگریکلچر فیلڈ اسسٹنٹس /زراعت انسپکٹر ایمپلائر یونین ضلع خانیوال کے صدر حاجی محمد جاوید چٹھہ ودیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یونین کے عہدیداران نے سیکرٹری زراعت پنجاب اور ڈاریکٹر جنرل ودیگر افسران کو محکمہ زراعت کے ملازمین کے جائز مطالبات پیش کئے جن میں فیلڈاسسٹنٹس وزراعت انسپکٹرکی فوری طور پر اپ گریڈریشن کی جائے‘سروس سٹریکچر بنایا جائے ‘پراجیکٹ الاؤنس، رسک الاؤنس، یونیفارم الاؤنس ،فیلڈ اسسٹنٹس زراعت انسپکٹر کا ٹی اے ڈی اے دس ہزارروپے ماہانہ تنخواہ کے ساتھ فکس کیا جائے اور تنخواہ کا حصہ بنایا جائے ‘موٹرسائیکل کا پی او ایل اور دیکھ بھال ‘ریپئرنگ کے اخراجات ماہانہ کی بنیاد پر تنخواہ میں شامل کیا جائے پی او ایل اور رپیرنگ کے مد میں کم ازکم 10ہزارروپے ماہا نا اور پندرہ ہزارروپے دیئے جائیں ۔فراہم کئے گئے موبائل فون ناکارہ ہوچکے ہیں فوری طورپر تبدیل کئے جائیں،اضافی یونین کونسلز میں کام کرتے ہیں ان کو ایڈیشنل چارج الاؤنس دیا جائے ‘محکمہ زراعت توسع کو ڈی سی وکمشنر کے ماتحت کرنے کے احکامات فوری طورپر واپس لئے جائیں ۔خالی آسامیوں پر فوری طورپر بھرتی کی جائے اور زراعت انسپکٹر کی خالی آسامیوں پر پروموشن کی جائے ۔بورے والا سے تحصیل رپورٹر کے مطابق محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹس کا مطالبات کے حق میں محکمہ زراعت کے آفس کے لان میں سیاہ پٹیا ں باندھ کر احتجاج کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اس موقع پر فیلڈ اسسٹنٹس یونین کے تحصیل صدر غلام مصطفےٰ ،سرپرست اعلیٰ رانا لیاقت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا فیلڈ اسسٹنٹس اور زراعت انسپکٹر کی فوری طور پر اپ گریڈیشن ،پراجیکٹ رسک الاؤنس ،یونیفارم ،ٹی اے ڈی اے ،موٹر سائیکل پٹرول اور دیگر الاؤنس فوری طور پر دیئے جائیں اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہڑتال سلسلہ جاری رہے گا اس موقع پر جنرل سیکرٹری محمد اسلم پڑھیار ،پریس سیکرٹری رانا اعجاز احمد ،نائب صدر محمد انور گوجر،فنانس سیکرٹری محمد اکرم شاد اور ڈویثرنل نائب صد ر تاج محمد کے علاوہ تحصیل بھر کے فیلڈ اسسٹنٹس کی کثیر تعداد موجود تھی۔کوٹ ادو سے تحصیل رپورٹر کے مطابق پنجاب بھر کی طرح کوٹ ادو میں بھی مطالبات منظور نہ ہونے پر ایگریکلچرل فیلڈ اسسٹنٹ ایمپلائز یونین تحصیل کوٹ ادو کے ملازمین جن میں دائرہ دین پناہ، قصبہ گجرات، چوک سرور شہید، کوٹ ادو کے ملازمین شامل تھے نے ہڑتال کر دی، ملازمین میں زراعت انسپکٹر فیلڈ اسسٹنٹ اور بیلدارشامل تھے، ملازمین نے دفتر کے سامنے دھرنا دیا ، دھر نا سے تحصیل صدر محمد رمضان مشوری ، نائب صدر محمد افضل ، جنرل سیکرٹری محمد عمر بھٹہ و دیگر عہدیداروں قمر جاوید ، محمد ریاض و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ہمارے ملازمین کی عرصہ دراز سے تذلیل کی ہوئی ہے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ مطالبات منظور ہونے تک ہڑتال جا ری رہے گی، اس موقع پر ملازمین نے احتجاجی ریلی بھی نکالی۔رحیم یار خان سے بیورو نیوز کے مطابق ایگرکلچرل فیلڈاسسٹنٹس ایمپلائزکے صدرجام عبدالستار‘ جنرل سیکرٹری جام محمدطیب ودیگرنے احتجاجی دھرناسے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت فوری طور پرہمارے مطالبات پراجیکٹ الاؤنس‘ مینٹیننس الاؤنس اوررسک الاؤنس کی فراہمی سمیت راولپنڈی سے آنے والے تمام فیلڈسٹاف کوواپس اپنے اپنے ہیڈکوارٹربھیجنے پرعملدرآمدکیاجائے اورفوری طور پرمطالبات تسلیم کیے جائیں اس موقع پرفیلڈسٹاف کی کثیرتعداداحتجاجی دھرنامیں شریک تھی۔ہارون آباد سے نامہ نگار کے مطابق فیلڈ اسسٹنٹس یونین و زراعت انسپکٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی اور کام بند رکھا ،سلطان احمد صدر فیلڈ اسسٹنٹس یونین ڈسٹرکٹ بہاولنگر نے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ سروس اسٹرکچر بنا کر فیلڈ اسسٹنٹس و زراعت انسپکٹرز کی اپ گریڈیشن ،خالی آسامیوں پر بھرتی ،زراعت انسپکٹرز کی پرموشن فی الفور کرنا لازمی ہو گیا ہے۔راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق محکمہ زراعت توسیع ضلع راجن پورکے فیلڈ اسسٹنٹس کی مطالبات کے حق میں پنجاب ایمپلائز کی کال پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاجی مظاہرہ ،ضلعی صدر الہیٰ بخش کی قیادت میں فیلڈ اسسٹنٹس نے دھرنا دے کر کام چھوڑ ہڑتال شروع کردی ،اس موقع پر ضلعی صدر ودیگر ممبران یونین نے عزم کااظہار کیا کہ جب تک اُن کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے وہ ہرگز اپنی ڈیوٹی انجام نہیں دیں گے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر