تاریخی استقبال نے ثابت کر دیا عوام کو نواز شریف سے بے پناہ محبت ہے :وزرا ارکان اسمبلی

تاریخی استقبال نے ثابت کر دیا عوام کو نواز شریف سے بے پناہ محبت ہے :وزرا ...

لاہور(جاوید اقبال،عدیل شجاع)پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء،ارکان اسمبلی اور متعدد بلدیاتی نمائندوں نے کہا ہے کہ مخالفین دیکھ لیں اصل اور حقیقی عدالت تو اب لگی ہے جو عوام کی ہے ،اداروں سے ٹکراؤ کی سیاست ن لیگ کی نہیں بلکہ ان کی ہے جو ہمارے جمہوری حق کے خلاف ہیں اور عوامی عدالت میں جب ہم پیش ہو گئے ہیں تو مداری،بھگوڑے اور یو ٹرن کے بادشاہ خوفزدہ ہو گئے ہیں اور نت نئے الزامات اور بیان بازی کر رہے ہیں،ہم انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ ماضی کی طرح 2018 میں بھی حکومت ن لیگ کی ہو گی انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف کو عوام کی خدمت کی سزا مل رہی ہے مگر انہیں عوام سے دور نہیں کیا جا سکتا ,جی روڈ پر ان کے تاریخی ستقبال نے ثابت کر دیا کہ عوام نواز شریف سے اور نواز شریف عوام سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہارلیگی رہنماؤں نے پاکستان موبائل فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے کہا نواز شریف پورے پاکستان کے قائد ہیں اور عوام کے دلوں کے وزیر اعظم ہیں ، اصل عدالت عوام کی ہے جو لگ چکی ہے عوام نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے مخالفین دیکھ لیں عوام جی ٹی روڈ پر نواز شریف کے سامنے آنکھیں نچھاور کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر رانا محمد ارشد نے کہا کہ مداری،بھگوڑا اور یو ٹرن کا بے تاج بادشاہ نیازی دیکھ لے کہ عوام کیا فیصلہ کر رہے ہیں اور کونسا فیصلہ حقیقی طور پر صدیوں یاد رکھا جائے گا،نواز شریف کا یہ استقبال تاریخ میں امر ہو جائے گا۔صوبائی وزراء زعیم قادری ،خواجہ سلمان رفیق ،خواجہ عمران نذیر اور ملک ندیم کامران نے کہا کہ آج نواز شریف کے تاریخی استقبال نے من چاہے فیصلے کو رخصت کر دیا ہے ۔ماضی میں بھی ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کامنہ بند کرانے اور خطے میں طاقت کے توازن کو برابر کرنے کی سزا دی گئی تھی اور آج پھر پاکستان سے دہشت گردی ختم کرنے ،معاشی انقلاب لانے اور سی پیک سے پورے خطہ کی تقدیر بدلنے کی سزا انہیں نااہل کر کے دی جا رہی ہے مگر انہیں عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔رکن پنجاب اسمبلی خواجہ وسیم بٹ ،یٰسین سوہل اورشہباز چوہدری نے کہا کہ خود کو طاقت کا منبع سمجھنے والے دیکھ لیں اصل طاقت کسے کہتے ہیں جو نواز شریف کے استقبال میں سب کو نظر آ رہی ہے وہ تعصب کی موٹی عینکیں اتار کر دیکھیں کہ عوام کس کے ساتھ ہیں اور وہ کس کو قائد مانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض ٹی وی چینلز کے نام نہاد اینکرز بھی نواز شریف کے استقبال کے لیے سڑکوں پر عوام کا سمندر دیکھ لیں جس کی لہریں تمام سازشیوں کو بہا کر لے جائیں گی۔ ڈپٹی میئرعزیز بھٹی ٹاؤن حاجی اللہ رکھا اور راوی ٹاؤن وسیم قادر نے کہا کہ اسلام آباد راولپنڈی ،کے پی کے اور ایک شیخ چلی سمیت پوری اپوزیشن کے گھروں میں اس تاریخ ساز استقبال کو دیکھ کر صف ماتم بچھی ہے۔ سابق لارڈ میئر وزیر اعلیٰ کے مشیر خواجہ احمد حسان نے کہا کہ اسلام آباد سے لاہور تک نواز شریف کا تاریخی استقبال قوم کو صدیوں یاد رہے گا۔ اسلام آبار،پنڈی اور گرد و نواح کے لاکھوں عوام نے نواز شریف کے استقبال کے لیے نکل کر ان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔جب نواز شریف لاہور پہنچیں گے تو لاہوریے ان کی راہ میں آنکھیں بچائیں گے، وہ قوم کے حقیقی مسیحا ہیں اوروہی ملک بچائیں گے۔

مزید : صفحہ اول