قطر نے 80 ممالک کیلئے ویزا فری سکیم متعارف کرادی

قطر نے 80 ممالک کیلئے ویزا فری سکیم متعارف کرادی

دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک)قطر نے 80 ممالک کیلئے مفت ویزا سکیم متعارف کرا دی جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔قطر کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی فری ویزا سکیم کے تحت یورپی یونین، مغربی ممالک، لاطینی امریکا اور ایشائی ممالک پر مشتمل 80 ممالک کے شہریوں کو مفت ویزا دستیاب ہوگا۔حکام کے مطابق ویزا سکیم میں شامل ممالک کے شہریوں کو صرف اپنا مستند پاسپورٹ دکھانا ہوگا جس کے بعد انہیں ملک میں داخلے کی اجازت ہوگی جب کہ ویزا فری سکیم قطر کو خطے کا آزاد ترین ملک بنادے گی۔فری ویزا حاصل کرنے والے نمایاں ممالک میں امریکا، برطانیہ، کینیڈا، بھارت، جنوبی افریقا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور مشرقی افریقی ملک سی شامل ہیں۔پہلے سے ویزا فری 6 خلیجی ممالک کے علاوہ لبنان واحد عرب ملک ہے جسے سکیم میں شامل کیا گیا ہے۔ مفت ویزا حاصل کرنیوالے افراد کو ان کے ملک کی کیٹیگری کے حساب سے قطر میں قیام کی اجازت ہوگی، کم سے کم قیام کی مدت 30 روز اور زیادہ سے زیادہ 180 دن ہیں جبکہ شہریوں کیلئے 90 روز کا ویزا بھی ہے۔قطر ٹورازم اتھارٹی کے قائم مقام چیئرمین حسن ال ابراہیم نے کہا کہ فری ویزا سکیم کے ذریعے لوگوں کو قطر کی جانب سے مہمان نوازی کا موقع ملے گا اور یہاں آکر غیر ملکیوں کو ثقافتی ورثے اور قدرتی خزانے کو دریافت کرنے کا موقع ملے گا۔خیال رہے کہ نومبر 2016 میں قطر نے فری ٹرانزٹ ویزا متعارف کرایا تھا جس کے تحت مختلف ممالک کے مسافروں کو کم سے کم 5 گھنٹے اور زیادہ سے زیادہ 4 دن تک قیام کی اجازت دی گئی تھی۔

مزید : صفحہ اول