گاڑیوں کے شیشے چوری کرنے والا گروہ متحریک،10دنوں میں 50وارداتیں ،پولیس چکرا گئی

گاڑیوں کے شیشے چوری کرنے والا گروہ متحریک،10دنوں میں 50وارداتیں ،پولیس چکرا ...

لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت کے سات پولیس سرکلز کے 15 تھانوں کی حدود میں گاڑیوں کے شیشے چوری کرنے والا گروہ اچانک سرگرم ہو گیا ہے ۔اس گروہ نے ماڈل ٹاؤن ڈویژن، صدر ڈویژن اوراقبال ٹاؤن ڈویژن کے چھ سرکلزجن میں اچھرہ سرکل، مسلم ٹاؤن سرکل، اقبال ٹاؤن سرکل، ٹاؤن شپ سرکل ، گلبرگ سرکل سمیت ماڈل ٹاؤن اور گارڈن ٹاؤن سرکل کی حدود میں اپنی سرگرمیاں تیز کر رکھی ہیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران رات کے اندھیرے میں یہ گروہ سب سے زیادہ وارداتیں کرنے میں مصروف ہے۔ اچھرہ ، اقبال ٹاؤن، ٹاؤن شپ سرکل، وحدت کالونی، مسلم ٹاؤن ، گلبرگ ، ماڈل ٹاؤن اے بلاک ، بی بلاک اور ڈی بلاک سمیت کمرشل مارکیٹوں اور فیصل ٹاؤن میں گزشتہ 10 دنوں کے دوران 50 سے زائد وارداتیں کی ہیں۔ گرین ٹاؤن کے علاقہ میں شہری اکرام میاں، گلبرگ غالب مارکیٹ اور منی مارکیٹ سمیت لبرٹی مارکیٹ سے چار شہریوں کی گاڑیوں کے شیشے چوری کئے گئے ہیں۔ پولیس نے شہریوں کی درخواستوں پر کوئی کسی قسم کی کارروائی نہیں کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گلی اور محلہ کی سطح پر پٹرولنگ بڑھائی جا رہی ہے ۔ایس پی ماڈل ٹاؤن سید حسنین حیدر کا کہنا ہے کہ ڈولفن فورس ، پیروسکواڈ اور محافظ فورس کے ساتھ تھانوں کی سطح پر گاڑیوں پر پٹرولنگ کرنے والے افسران کو اس حوالے سے سخت ہدایات کردی گئی ہیں اور جلد اس گروہ تک رسائی حاصل کر لی جائے گی۔

مزید : علاقائی