پیف پارٹنر سکولوں کی باقاعدہ اورمتواتر نگرانی کی جارہی ہے،طارق محمود

پیف پارٹنر سکولوں کی باقاعدہ اورمتواتر نگرانی کی جارہی ہے،طارق محمود

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)معیار تعلیم کے مشن کو پورا کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن اسسٹنٹس کے توسط سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن پنجاب کے 36اضلاع میں پیف پارٹنر سکولوں کی باقاعدہ اورمتواتر نگرانی کی جارہی ہے۔ہم پبلک سروس پرووائیڈر اور قومی خزانے کے محافظ ہیں،ہمارا مقصد ہے کہ سکول وزٹ کے دوران حوصلہ اور تحمل سے کام کریں تاکہ پیف پارٹنر تعلیمی اداروں میں مثبت انداز میں قواعد و ضوابط پر عمل در آمد کروایا جاسکے۔آپ کا مقصد تعمیر ی جذبہ کے ساتھ پارٹنر سکولوں کو رہنمائی فراہم کرناہے تاکہ وسائل سے محروم بچوں کو مفت تعلیم کی سہولت شفافیت کے ساتھ میسرآئے۔آپ خستہ حال اور گھٹن زدہ ماحول والے کلاس رومز کی نشاندہی کریں۔یہ بات مینجنگ ڈائریکٹر طارق محمود نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پنجاب بھرمیں تعینات 173سے زائد مانیٹرنگ اینڈایویلیو ایشن اسسٹنٹس ٹریننگ کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

یہ ششماہی سہ روزہ ٹریننگ 7تا 9اگست قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ (قائد)لاہور میں منعقد ہوئی۔اس ٹریننگ کا مقصدمانیٹر نگ اینڈ ایویلیو ایشن ڈپارٹمنٹ کے ضلعی سطح پر تعینات ڈسٹرکٹ مانٹیرنگ اینڈ ایویلیو ایشن اسسٹنٹس کی کارکردگی میں مزید بہتری لانا ہے تاکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی مالی اعانت سے چلنے والے نجی اداروں کی موثر نگرانی سے کوالٹی ایجوکیشن کے اہداف حاصل کیے جاسکیں۔اس اجلاس میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر طارق محمود اور ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر عمران یعقوب کے ساتھ پیف تعلیمی منصوبوں کے سربراہان نے شرکت کی ۔یہ ٹریننگ ڈائریکٹرمانیٹر نگ اینڈ ایویلیو ایشن کرنل اطہر رؤف کی زیر نگرانی میں ہوئی ۔ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر عمران یعقوب نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ماڈل میں لو کاسٹ (Low Cost)تعلیمی ادارے آتے ہیں اورہمارا ٹارگٹ مفلس گھرانوں کے معصوم بچے ہیں۔اس کے لیے ضروری ہے کہ مانیٹرنگ سٹاف دیانت داری سے پیف کی وضع کردہ شرائط پرتعلیمی اداروں کو منتخب کر ے تاکہ مستحق بچوں تک مفت تعلیم تک رسائی کوممکن بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پربھر پور کامیابی حاصل کی جاسکے۔ بعد ازاں دیگر تعلیمی پروگراموں کے سربراہان نے مانیٹرنگ اینڈایویلیو ایشن اسسٹنٹس کو مانیٹرنگ بابت رہنمائی دی

مزید : میٹروپولیٹن 4