عورت کے حوالے سے ہمار اسیاسی، سماجی اور صحافتی کلچر منفی جانب جا رہا ہے، ڈاکٹر عبدالغفور
لاہور( ایجوکیشن رپورٹر) پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیرمین اورمرکزی جمعیت اہل حدیث کے ناظم ذیلی تنظیمات ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ اسلام نے عورت کو ہر رشتے میں احترام دیا ہے۔ماں ، بہن،بیٹی اور بیوی ہر رشتہ ہی پاکیزہ ہے۔اس لئے ہم پر واجب ہے کہ ان رشتوں کو قائم و دائم رکھیں ۔ اپنے سطحی مقاصد کے لئے عورت کو سہارا بنانا ، اس پر کیچڑ اچھالنا ، اس کی سرعام تذلیل کی دنیا کا کوئی مذہب اجازت نہیں دیتا۔عورت کے حوالے سے ہمار اسیاسی، سماجی اور صحافتی کلچر جس طرف جارہا ہے،لمحہ فکریہ ہے۔ہمیں اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ آج ہم نے قبلہ درست نہ کیا اور صحیح راستے کا تعین نہ کیا تو ہماری عاقبت نااندیشی سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا اور آئندہ آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمیں پیغمبرا کرم صلی اللہ علیہ وسلم کی قیادت ، حکمرانی اور سیاست کے زریں اصول کو اپنانا ہوگا۔
، جن کی بنیاد پر انہوں نے اصحاب کرام کی تربیت کی ، ان روایات سے رہنمائی لینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی اگر ہم سوچیں تو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کی چھوڑی ہوئی اعلیٰ روایات کو مشعل راہ بنانا چاہیے۔اس حوالے سے بانی پاکستان کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کا واضح سیاسی کردار ہمار ے لئے نشان منزل ہے