سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد حکومت کی مجبوری ہے، قمر زمان کائرہ

سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد حکومت کی مجبوری ہے، قمر زمان کائرہ

لاہور (نمائندہ خصوصی )پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کے ساتھی تسلسل کے ساتھ سازش کا تذکرہ کر رہے ہیں ،میاں صاحب بتائیں تو سہی سازش کون کر رہا ہے، کنٹینر کنٹینر کرتے کرتے نواز شریف خود کنٹینرپر چڑھ گئے ہیں،سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد حکومت کی مجبوری ہے حیرت کی بات ہے گلے پھاڑ پھاڑ کر فیصلہ قبول کرنے کی باتیں کرنے والے ا ب اس فیصلے کو سازش کہہ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینر نائب صدر چودھری محمد اسلم گل کے ساتھ پیپلز پارٹی پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ میاں صاحب آپ نے بھی ایک صدر اور آرمی چیف کو گھر بھیجا تھا ،آپ نے عدالت پر حملہ کر کے ایک چیف جسٹس کو بھی نکالا تھاآپ قوم کو بتائیں کہ سازش کون کر رہا ہے پاکستان خطرات میں ہے توآپ قومی قیادت کو آگاہ کریں اگر قوم کو آگاہ نہ کیا گیا تو آپ ایک قومی جرم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے آپ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا ہے، ریفرنس دائر ہونے پرآپ پریشان ہیں، آپ ابھی بھی نظام کے لاڈلے ہیں آپ پر ہاتھ ہولا ہے آپ کو گرفتار نہیں کیا گیا آصف زرداری کو پہلے جیل بھیجا گیا پھر تحقیقات شروع ہوئیں ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا نا اہل ہونے والا شخص کسی جماعت کا لیڈر نہیں رہ سکتا، الیکشن کمیشن نے مجبوراً ( ن) لیگ کو نواز شریف کو فارغ کرنے کا خط لکھا ہے نواز شریف ریلی کے ذریعے عدلیہ اور فوج کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے لئے جدوجہد کی ،ن لیگ تو ہمیشہ جمہوریت کے خلاف چلی ہے نواز شریف صاحب آپ نے کبھی بھی جمہوریت کی لڑائی نہیں لڑی آپ اس وقت باہر نکلتے ہیں جب آپ کے پاؤں جلتے ہیں۔ کائرہ نے کہا نوازشریف ایک نئے طریقے سے عدالت پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میاں نواز شریف کے سوشل بائیکاٹ کا فیصلہ پارٹی کرے گی، میثاق جمہوریت ہماری طرف سے برقرار ہے نواز شریف کو اب یاد آیا ہے۔

مزید : صفحہ آخر