نواز شریف کے باہر نکلتے ہی عمران خان بنی گالہ میں چھپ گئے: مسلم لیگ (ن)

نواز شریف کے باہر نکلتے ہی عمران خان بنی گالہ میں چھپ گئے: مسلم لیگ (ن)

اسلام آباد/راولپنڈی(اے این این)مسلم لیگ(ن)کے رہنماؤں نے کہاہے کہ میاں نوازشریف سڑکوں پر نکلے تو عمران خان بنی گالا میں چھپ گئے، نوازشریف کی ریلی دیکھ کر مخالفین کی ٹانگیں کپکپا رہی ہیں، ابھی تو ابتدا ہے، آگے آگے دیکھئے ہوتا کیا ہے ۔سابق وزیراعظم نوازشریف کے قافلے کی اسلام آبادسے لاہورروانگی کے موقع پرمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ( ن) کے رہنما سینیٹر آصف کرمانی نے کہا کہ عوام کا ہجوم رواں دواں ہے۔ اپنے محبوب قائد کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے سڑکوں پر عوام کا جم غفیر ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریلی کو دیکھ کر مخالفین کی ٹانگیں کپکپا رہی ہیں ، چشم فلک نے یہ نظارہ پہلے نہیں دیکھا ہو گا۔ لیگی رہنما نے کہاکہ ہماری منزل داتا کی نگری ہے، قافلہ کب لاہور پہنچے گا یہ کہنا قبل از وقت ہو گا۔وفاقی وزیرمشاہد اللہ خان نے کہا کہ سیاسی مخالفین حیران اور پریشان ہیں کہ انسانوں کا سمندر کہاں سے نکلا؟ ابھی تو ابتدا ہے، آگے آگے دیکھئے ہوتا کیا ہے، نواز شریف نے پاکستان کو بدل کر رکھ دیا۔مسلم لیگ (ن) خیبرپختوانخوا کے صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ کارکنوں کا جینا مرنا نواز شریف کے ساتھ ہے، عمران خان کو دکھائیں گے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختوانخوا سے بھی نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں۔دانیال عزیز نے بھی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اب تو بلے کی ٹوتھ پک رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلی میں سرکاری وسائل استعمال نہیں ہو رہے جبکہ وہ کرپشن ،کمیشن اور کک بیکس کہاں گئی جس کا الزام لگایا گیا تھا؟۔

مزید : صفحہ آخر