صوبائی پبلک سروس کمیشن قابل اعتماد ادارہ ہے ،مظفر سید

صوبائی پبلک سروس کمیشن قابل اعتماد ادارہ ہے ،مظفر سید

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی پبلک سروس کمیشن صلاحیتوں کی بنیاد پر قابل نوجوانوں کو سرکاری دھارے میں شامل کرنے والا قابل اعتماد ادارہ ہے جسے دور جدید کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لئے ادارے کی صلاحیتوں میں پیش رفت کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے کے قابل نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر عوامی خدمت کیلئے سرکاری محکموں کو فراہمی کے طریقہ کار کو مزید تیز کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر پشاور میں پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین فرید اللہ سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر سیکرٹری خزانہ شکیل قادر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبائی پبلک سروس کمیشن عوام کاانتہائی قابل بھروسہ ادارہ ہونے کے ناطے سرکاری مشینری کو معاشرے سے بے پناہ ٹیلنٹ مہیا کیا ہے جو آج عوام اور سرکاری محکموں کے معیار پر پورا اتر کر قوم کی خدمت کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن خیبر پختونخواکو بھرتی کے طریقہ کار کو مزید تیز بنا کر وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے تاکہ معاشرے کے باصلاحیت ،قابل اورتعلیم یافتہ نوجوانوں کو قومی خدمت کے لئے سرکاری دھاروں میں شامل کیاجاسکے جو سرکاری محکموں کی استعداد کار بڑھانے کا موجب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خزانہ پبلک سروس کمیشن خیبر پختونخوا کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ معاشرے کے با صلاحیت نوجوانوں کو روزگار اور عوام کی خدمت کا موقع فراہم کرنے کے لئے دشواری کا سامنا نہ کرناپڑے۔خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن اپنی استعداد کار کو وسیع بنا کر تمام صوبائی محکموں میں خالی اسامیاں جلد پرکر سکے گا اور اس طرح صوبے کے قابل ترین نوجوانوں کو نوکریاں ملنے کے مواقع میسر ہوکر مختلف محکموں میں عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار اداکر سکیں گے۔سیکرٹری خزانہ شکیل قادر نے کہا کہ صوبائی پبلک سروس کمیشن کو اپنی صلاحیتیں بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرناچاہیے جس کے لئے محکمہ خزانہ مکمل تعاون کرے گا۔

مزید : کراچی صفحہ اول