کرم ایجنسی کے صدہ بازار میں جشن آزادی ریلی نکالی گئی

کرم ایجنسی کے صدہ بازار میں جشن آزادی ریلی نکالی گئی

پاراچنار(نمائندہ پاکستان ) کرم ایجنسی کے صدہ بازار میں جشن آزادی ریلی نکالی گئی جس میں سکولوں کے طلبہ قبائلی عمائدین، پولیٹیکل اور فورسز نے حصہ لیا. جشن آزادی ریلی صدہ پل سے روانہ ہوئی اور مین شاہراہ سے گزرتی حاجی منان مارکیٹ پہنچی. ریلی کے شرکاء نے مختلف قسم کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر جشن آزادی اور امن کے حوالے سے نعرے درج تھے ریلی میں سکھ اور ہندو برادری نے بھی شرکت کی. ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ کرم ملیشیا کرنل راشد نے کہا کہ قبائل کا جذبہ حب الوطنی دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے انشاء اللہ انتہائی جوش و خروش کے ساتھ چودہ اگست منایا جائے گا. اس موقع پر اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ لوئر کرم طارق حسن نے کہا کہ پورے ہفتے اس قسم تقریبات کا انعقاد جاری رہے گا اور 13 اگست کو ریلی بھی نکالی جائے گی. قبائلی عمائدین حاجی سلیم خان اور ملک فضل قادر اورکزئی نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ ہیں اور ہرمحاذ پر ساتھ دینگے اور 14 اگست کو مثالی انداز میں منائیں گے. .

 

مزید : پشاورصفحہ آخر