کوہاٹ کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،ضلع ناظم کوہاٹ
پشاور( سٹاف رپورٹر)ضلع ناظم کوہاٹ محمد نسیم آفریدی نے کہا ہے کہ کوہاٹ کی ضلعی حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں سب سے پہلے اپنا بجٹ پیش کرکے منظور بھی کر لیا ہے اور اسی طرح بروقت استعمال بھی یقینی بنائے گی ۔وہ اپنے دفتر میں مختلف مکتبہ ہائے فکر کے لوگوں کے مقامی وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وفد کے ارکان نے ضلع ناظم کو کوہاٹ کے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کرنے کے علاوہ کوہاٹ کی ترقی و خوشحالی کیلئے مفید تجاویز بھی دیں۔ ضلع ناظم نے کہا کہ کوہاٹ کی تیز تر ترقی ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اسکے لئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اُن کی پوری کوشش ہوگی کہ وہ ضلعی بجٹ کے علاوہ صوبے سے خصوصی فنڈز بھی لائیں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر کوہاٹ کی ترقی کیلئے شبانہ روز محنت کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی کی ضلعی حکومت کے برعکس وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے اور ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائینگے۔ نسیم آفریدی نے واضح کیا کہ انہیں کوہاٹ کا مفاد عزیز ہے اور اس کی حقوق اور مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ کوہاٹ کو ہر لحاظ سے صوبے کا ماڈل ضلع بنانا اُن کا مشن ہے اور وہ اس اہم مشن کو پورا کرکے دم لیں گے۔