کراچی ،دو دن میں دوسری بینک ڈکیتی، ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

کراچی ،دو دن میں دوسری بینک ڈکیتی، ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے کھارادر میں ڈاکو نجی بینک سے لاکھوں روپے اور سیکیورٹی گارڈز کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔ئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ان دنوں ڈاکوں کا راج قائم ہے، کراچی میں دو دن میں دوسری بینک ڈکیتی نے لوگوں کو خوف وہراس میں مبتلا کردیا ہے۔ کراچی کے علاقے کھارادر کی کلاتھ مارکیٹ میں 5 ملزمان ماسک اور ہیلمٹ پہن کر داخل ہوئے، پہلے انہوں نے بینک کے گارڈ کو قابو کیا پھر عملے کو یرغمال بناکر کاؤنٹر پر رکھی ہوئی 6 لاکھ روپے کی رقم اور گارڈ کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، تاہم پولیس نے بینک کو سیل کرکے تفتیش کا آغاز کردیاہے، پولیس کے مطابق بینک کے عملے نے پولیس کو تاخیر سے اطلاع دی جس کے باعث ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔دوسری جانب بینک منیجرنے بتایاکہ لاکر میں رکھے ہوئے 52 لاکھ روپے لٹنے سے بچ گئے ہیں شاید ڈاکوؤں کو اس رقم کے بارے میں علم نہیں تھا۔آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے کہ دن دیہاڑے ڈکیتی کی اتنی بڑی واردات کیسے پیش آئی اور علاقہ پولیس اس وقت کہاں تھی واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے جلد سے جلد مجھے رپورٹ پیش کی جائے۔واضح رہے کہ یہ کراچی میں دو دن میں دوسری جب کہ رواں سال کی 9ویں بینک ڈکیتی ہے، گزشتہ روز کراچی کے علاقے شارع قائدین میں ڈکیتی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے بینک منیجر جاں بحق ہوگیا تھا۔