جنوبی وزیرستان میں 70 ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کا عزم

جنوبی وزیرستان میں 70 ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کا عزم

ٹانک ( نمائندہ خصوصی) جنوبی وزیرستان میں 70 ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے پورے علاقے میں پاک فوج کے زیر اہتمام متعدد تقریبات منعقد کی جائیں گی اور اس سلسلہ میں جشن ٓزادی کی تیاریاں جاری ہیں ۔جنوبی وزیرستان میں 70 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں جاوید سلطان کیمپ وانا میں ایک پریس بریفنگ کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پر بریگیڈئیر عامر احمد نے ڈیرہ اسماعیل خان ‘ٹانک اور جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو جنوبی وزیرستان میں 70 ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریبات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر کرنل اختر ‘کرنل اجمال ‘میجر فاروق ‘میجر انس ودیگر فوجی افسران موجود تھے ۔ بریگیڈئیر عامر احمدنے کہا کہ یوم آزادی کے سلسلہ میں جنوبی وزیرستان کے تین بڑے شہروں وانا ‘کانیگرم اور شکئی میں 13اگست کی رات 12بجے جیسے ہی 14اگست کا آغاز ہو گا آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائیگاجس کے لئے ملک بھر سے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے لوگوں میں جشن آزادی کے حوالے سے بہت زیادہ جوش و خروش پایا جاتا ہے اور مقامی لوگوں کی دلچسپی اور حب الوطنی کے جذبے کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے جنوبی وزیرستان کے ہر گھر پر قومی پرچم لہرا کو پاکستان سے محبت اور ملی جذبے کا اظہار کیا جائے گا ۔ جبکہ 14اگست کے دن جنوبی وزیرستان ‘ٹانک ‘شکئی ‘کانیگرم ‘لدھا ‘مکین ‘مروبی ‘پش زیارت ‘بروند ‘ سمیت ڈیرہ اسماعیل خان میں جشن آزادی کے حوالے تقریبات منعقد ہونگی جن کی میڈیا کوریج کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔بریگیڈئیر عامر احمد نے کہا کہ جشن آزادی کے سلسلہ میں کھیلوں کے مقابلے ‘ٹیبلو ‘تقریری مقابلے ‘کار ریلی و دیگر بہت سے پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں قیام امن کے بعد عوام کا جذبہ دیدنی ہے اور ہم 70ویں یوم آزادی کو ملی جوش و جذبے اور تاریخی طور منانا چاہتے ہیں تاکہ جشن آزادی کی تقریبات یاد گار ثابت ہوں اور قبائلی عوام کی جانب سے پورے پاکستان کو ایک مثبت پیغام جائے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر