رینجرز کے حوالے سے میرا بیان غلط انداز میں پیش کیا گیا، ڈاکٹر عاصم

رینجرز کے حوالے سے میرا بیان غلط انداز میں پیش کیا گیا، ڈاکٹر عاصم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور سابق مشیر پٹرولیم وقدرتی وسائل ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ رینجرز کے حوالے سے میرا بیان غلط انداز میں پیش کیا گیا، کراچی میں رینجرز نے دہشت گردی کے خلاف اچھا کام کیا اور ہمیں اس کو سراہنا چاہیے۔بدھ کو احتساب عدالت میں کرپشن ریفرنس کی سماعت کے موقع پر ڈاکٹرعاصم حسین عدالت میں پیش ہوئے ۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فوج نے پاکستان میں جبکہ کراچی میں دہشت گردی کے خلاف رینجرز نے بہت اچھا کام کیا ہے، ہمیں رینجرز کی کارکردگی کو سراہنا چاہیے جب کہ رینجرز کے حوالے سے میرا بیان غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ پوچھے گئے سوال پر کہ آپ نے ٹی وی پر کہا آپ کو ادویات دے کر بیان لیا گیا لیکن اب انکار کررہے ہیں جس پر ڈاکٹر عاصم نے کہانو کمنٹس۔صحافیوں نے سوال کیا کہ آج نواز شریف بھی کنٹینر پر ہیں اور وہ کس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ اللہ کا نظام ہے جیسی کرنی ویسی بھرنی جب کہ نواز شریف پاکستانیوں کو پیغام دے رہے ہیں اور میں سمجھتا ہوں وہ غلط پیغام دے رہے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر