سی پیک کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کامیابی سے جاری ہے:احسن اقبال

سی پیک کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد ...
سی پیک کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کامیابی سے جاری ہے:احسن اقبال

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مستقبل سے وابستہ منصوبوں کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،سی پیک کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق سول آرمڈ فورسز کے اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے تاکہ عوام خوشحال زندگی بسر کر سکیں، پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کامیابی سے جاری ہے،پاکستان میں امن و سلامتی کے عمل کو مزید تقویت دینے کیلئے سول آرمڈ فورسز کے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل سے وابستہ منصوبوں کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے اور چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے، سی پیک کے منصوبے پاکستان ہی نہیں پورے خطے کی ترقی کا پیش خیمہ ہوں گے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ سمگلنگ کے سدباب کے لئے موثر کارروائی کی جائے، سمگلنگ کے عفریت سے ملک کی معاشی ترقی پر منفی اثر پڑتا ہے، پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے ترقی یافتہ ممالک کے کامیاب تجربات سے سیکھنا ہو گا، امن و تعمیری ترقی کا امتزاج ہی ملک کی خوشحالی کا ضامن ہے جبکہ ملک کی معاشی ترقی کے لئے امن و سلامتی کا استحکام نا گزیر ہے ۔

مزید : قومی