اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے بھر پور جدو جہد کرے گی: پاکستان پیپلز پارٹی 

اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ ...
اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے بھر پور جدو جہد کرے گی: پاکستان پیپلز پارٹی 

  

کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے بھر پور جدو جہد کرے گی اور عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف پارلیمنٹ میں موثر طریقے سے آواز بلند کی جائے گی۔

پیپلز پارٹی کا  مشاورتی اجلاس جمعرات کی شام پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف علی زرداری اور پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مشترکہ صدارت میں بلاول ہاؤس میں ہوا جس میں سید خورشید احمدشاہ ، سید قائم علی شاہ ، سید مراد علی شاہ، قمر زماں کائرہ، فریال تالپور اور فرحت اللہ بابر کے علاوہ دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، وفاق میں حکومت سازی کے حوالے سے جاری سرگرمیوں، سندھ میں حکومت سازی کے معاملات اور آئندہ پارلیمنٹ میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی کردار کے علاوہ اپوزیشن کی دوسری جماعتوں کے ساتھ اشتراک عمل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی ۔ بلاول ہاؤس کے زرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کچھ عرصے پہلے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے ساتھ رابطوں کے لئے جوکمیٹی قائم کی تھی اس کا آج جائزہ اجلاس تھا جس کے دوران کمیٹی کے ارکان نے دوسری سیاسی جماعتوں سے ہونے والے رابطوں کے بارے میں پارٹی قیادت کو تفصیلی بریفننگ دی۔ زرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ کے اندر رہ کر جمہوریت کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی اور حالیہ عام انتخابات کے دوران جو بھی دھاندلی ہوئی ہے یا باقاعدگیاں ہوئی ہیں ان کے خلاف پارلیمنٹ میں بھی موثر طریقے سے احتجاج کیا جائے گا اور آواز بلند کی جائے گی۔زرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں پیپلز پارٹی اپوزیشن کی دگر جماعتوں کے ساتھ اپنے رابطوں کو بڑھائے گی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے مشترکہ سیاسی جدو جہد کا خیرمقدم کرے گی۔پیپلز پارٹی کے اجلاس میں اس امر پر انتہائی مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا کہ سندھ کے عوام نے حالیہ الیکشن میں ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے بھرپور عوامی منڈیٹ سے نوازا، پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت اور اجلاس کے شرکا نے پی پی کے ساتھ سندھ کے عوام کی اس والہانہ محبت پر ان کے ساتھ اظہار تشکر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سندھ کے لوگوں کی بلاامتیاز خدمت کرے گی۔ اجلاس میں سندھ میں حکومت سازی سے معلق امور پر بھی غیر رسمی مشاورت کی گئی۔

مزید : قومی