عارف لوہار اور حمیرا ارشد کے یوم آزادی کے گیت تیار
لاہور(فلم رپورٹر)عارف لوہار، حمیرا ارشد نے آزادی گیت تیار کر لئے ۔ لیجنڈ فوک گلوکار عارف لوہار اور گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا ہے کہ آزادی کا جشن ضرور منائیں مگر ملکی مفاد میں ڈیم بننے کی ضرورت پر زور دیں، عارف لوہار نے جشن آزادی کا نیا گانا بھی تیار کر لیا جبکہ ایک گانا انہوں نے آئی ایس پی آر کیلئے خاص طور پر بنایا ہے۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عارف لوہار نے کہا ہم اپنے گھروں کو جھنڈے اور جھنڈیاں لگا کر سجاتے ہیں مگر سبز اور سفید لباس ملبوس کرنا حب الوطنی کی نشانی نہیں بلکہ اصل محب وطن کی محبت یہ ہے کہ وہ پانی کے آنیوالے بحران کا خطرہ دیکھ کر ڈیم بنانے کیلئے فنڈ دے، انہوں نے بتایا ان کے کم عمر بچے اپنی چاکلیٹس کے پیسے بھی بچا کر ڈیم کیلئے چندہ جمع کر رہے ہیں کیونکہ ملکی مفاد میں ڈیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔دریں اثنا حمیرا ارشد نے بھی آزادی کے جشن میں نیا گانا تیار کر کے اپنا حصہ ڈال دیا جسکے بول اپنا ملک سنواریں گے ہے، حمیرا ارشد نے اپنے مداحوں سے کہا اس بار عید پر کھالیں بھی ڈیم کیلئے عطیہ کریں۔ حمیرا ارشد نے بتایا جب ہم چھوٹے تھے تو جشن آزادی کا صحیح مطلب نہیں پتہ تھا بس یہ پتہ تھا کہ گھر کو سجانا ہے مگر اب سمجھ آئی کہ ہمارا ملک کتنی قربانیوں کے بعد بنا ہے، ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو بھی آزادی کا اصل مطلب سمجھائیں۔