میرے کام کو پور ی دنیا میں پسند کیا گیا:شہزاد رفیق

میرے کام کو پور ی دنیا میں پسند کیا گیا:شہزاد رفیق

لاہور(فلم رپورٹر)اپنی فلم کے ذریعے پاکستانی قوم کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنا میرا مشن ہے،موجودہ حالات میں ایسے بے شمار موضوعات ہیں جن پر کا م کیا جا سکتا ہے،ہمیں فلم انڈسٹر ی میں نئے آنے والے لوگوں سے زیادہ اچھے کام کی توقع رکھنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار نامور فلم ڈائریکٹر و پرڈیووسر شہزاد رفیق نے لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام گوشۂ گیان کی پندرھویں نشست میں کیا۔انھوں نے کہاکہ میرے کا م کو عموما پوری دنیا اور خصوصا چین میں بے حد پذیرائی ملی جس پر فخر ہے،میں نے جس بھی موضوع پر بھی فلم بنائی اس کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ مجھے اپنی فلم رخصتی بے حد پسند ہے کیونکہ وہ ناکام ہوئی جس سے مجھے سیکھنے کو بہت کچھ ملا،ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن عطا محمد خان نے اس موقع پر کہا کہ گوشۂ گیان کی نشست ہر شعبہ میں مکالمے کا موقع فراہم کر رہی ہے ،یہ نئے نئے خیالات کی کہکشاں ہے،نوجوان اپنے مستقبل کی کامیابی کی راہیں پانے کی امید لے کر گوشۂ گیان میں آتے ہیں،انھو ں نے نامور فلم پروڈیوسر شہزاد رفیق کے کام کو بے حد سراہتے ہوئے پاکستان فلم انڈسٹر ی میں نوجوانوں کو اپنا حصہ ڈالنے کی تلقین کی۔گوشۂ گیان کی نشست میں نامور ڈائریکٹر حسن عسکری ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن آفتاب احمد انصاری ، نیاز حسین لکھویرا اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید : کلچر