جعلی مشروبات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ،اڑھائی ہزار بوتلیں برآمد

جعلی مشروبات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ،اڑھائی ہزار بوتلیں برآمد

لاہور(جنرل رپورٹر ،کامرس رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک مہیا کرنیوالوں کیخلاف لاہور میں کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی کولا ڈرنکس بنانے والی فیکٹری سے معروف برانڈز کی تیار 2500بوتلیں برآمد کر کے فیکٹری کو سیل کردیا۔زائدلمعیاد خوراک مہیا کرنے پر 2ریسٹورنٹ، غیر معیاری کیچپ،ماؤنیز تیار کرنے پر یونٹ اور ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت پر مِلک شاپ کو سیل کر دیا گیا ۔جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی 69فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے ، زائدلمعیاد خوراک تلف کرتے ہوئے402کو وارننگ نوٹس جاری کئے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی رافیعہ حیدر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیمز نے مین جی ٹی روڈ شمع پارک پر موجود جعلی کولڈرنکس تیار کرنے والے پروڈکشن یونٹ کو معروف برانڈز کی جعلی کاربونیٹیڈڈرنکس تیار کرنے،بوتلوں کی تیاری میں مضر صحت کیمیکلز ،مصنوئی فلیورز،ٹیکسٹائل کلرز،آلودہ پانی استعمال کرنے ،تیار شدہ بوتلوں پرمعروف برانڈز کے گمراہ کن لیبل لگا کر مارکیٹ میں سپلائی کرنے، پروڈکشن یونٹ میں صفائی کی بدترین حالت اور جگہ جگہ گندگی ،بدبودارکھڑا پانی موجود ہونے پر سیل کر دیا ۔ جبکہ2500تیار بوتلیں ،بھاری مقدار میں کیمیکلز ،مصنوئی فلیورزاورٹیکسٹائل کلرز برآمد کر کے تلف کر دیے گئے۔اس کے علاوہ جوڑے پل پر واقع 2 ریسٹورنٹس کو ناقص انتظامات اور سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے ، شیلفز کی گندی حالت،ٹوٹے بدبودار فریزراور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، ورکرز کی میڈیکل رپورٹس اور پی ایف اے کا لائسنس کی عدم موجود گی پرسیل کر دیا گیا۔مزید برآں ملتان روڈ پر واقع سلوا فوڈ کیچپ اینڈ ماؤنیز یونٹ کوکیچپ ،ماؤنیز کی تیاری میں مضر صحت کیمیکلز ،کاسمیٹکس کلرز،سٹارچ اور سکرین کا استعمال کرنے، غلط لیبلنگ ،کھلے کوڑا دان،ناقص سٹوریج اور پی ایف اے لائسنس،ورکرز کے میڈیکل عدم موجود گی پر پروڈکشن یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔ جبکہ کیچپ پروڈکشن یونٹ سے 8ہزارکلو گرام کیچپ کو سیل کر دیا گیا ہے ۔جس کو لیبارٹری نتائج آنے کے بعد تلف کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمز نے اقبال ٹاؤن نیلم بلاک میں کاروائی کرتے ہوئے ملاوٹی دودھ فروخت کرنے، مضر صحت اجزاء کا استعمال کرنے،ناقص انتظامات ،کھلے کوڑادان،حشرات کی بھرمار،لائسنس اور ورکرز کے میڈیکل کی عدم موجو د گی پر القیوم ملک شاپ کو سیل کر دیا دوسری جانب سابقہ ہدایات کی خلاف ورزی پر69فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے ،402کومزید بہتری کے لیے وارننگ نوٹس بھی جاری کیے گئے ۔ بھاری مقدار میں مضر صحت اور زائدلمعیاد غذا کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی رافیعہ حیدر نے بتایا کہ گرمیوں میں جعلی ڈرنکس کا مکروہ دھندہ ہر سال عروج پر پہنچ جاتا ہے تھا۔ویجیلنس سیل کی خفیہ ریکی سے رواں سال میں اب تک 100سے زائد جعلی کولا ڈرنکس فیکٹریاں بند کی جا چکی ہیں ۔انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی صحت کو نقصان پہچانے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1