پنجاب فارمیسی کونسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ

پنجاب فارمیسی کونسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ

لاہور(سٹی رپورٹر) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ثاقب ظفر نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب فارمیسی کونسل کو جدید تقاضوں اور عصر حاضر کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کونسل کے سال میں دو کے بجائے چار اجلاس منعقد کئے جائیں۔انہوں نے یہ بات پنجاب فارمیسی کونسل کے 98ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کونسل کے نائب صدر ڈاکٹر شعیب حکیم ، ڈاکٹر سعیدالحسن، ڈاکٹر مبشر احمد بٹ ، ڈاکٹر معظم علی خان، ڈاکٹر ذکاء الرحمن اور ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر سلمان شاہد اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری صحت نے پنجاب فارمیسی کونسل میں اصلاحات کے لئے سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈرگ انسپکٹرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ ڈرگ انسپکٹرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ان کی رجسٹریشن کی تجدید کو کارکردگی کے ساتھ مشروط کیا جائے۔ اس سلسلہ میں سیکرٹری صحت ثاقب ظفر نے ہدایت کی کہ مذکورہ تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے لئے دونوں محکمے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ مل کراس تجویز کا تفصیلی جائزہ لے کر ورکنگ پیپر تیار کریں۔ فارمیسی کونسل کے ممبران نے کہا کہ کونسل کے دفاتر کے لئے مناسب عمارت کے حصول کے اقدامات ضروری ہیں کیونکہ موجودہ عمارت ناکافی اور غیر موزوں ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1