جنرل ہسپتال میں ایم سی پی ایس اور ایف سی پی ایس کے طلبہ کیلئے تربیتی ورکشاپ

جنرل ہسپتال میں ایم سی پی ایس اور ایف سی پی ایس کے طلبہ کیلئے تربیتی ورکشاپ

لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان بھر سے گائنی میں ایم سی پی ایس اور ایف سی پی ایس پارٹ II کرنے والے طلباء کے لئے پی جی ایم آئی گائنی یونٹ II کے زیر اہتمام امتحانات کی تیاری کے سلسلہ میں لاہور جنرل ہسپتال میں تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا ۔جس میں65 کے قریب ٹرینی ڈاکٹرز شریک ہیں۔ ا س ورکشاپ کی آرگنائزر پروفیسر عالیہ بشیر، پرنسپل امیرالدین میڈیکل پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب ، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر عارف تجمل ، پروفیسر شمسہ ہمایوں سمیت ملک کے گائنی کے نامور پروفیسرز نے شرکت کی اور امراض نسواں کی پیچیدگیوں اور ان کے جدید طریقہ علاج پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈاکٹر نائلہ شفیق ،ڈاکٹر مدیحہ مشتاق سمیت ڈاکٹرز کی بڑی تعداد موجود تھی افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر محمد طیب کاکہناتھاکہ ورکشاپ کا مقصد طلباء اور ایگزامینرز کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ عملی امتحان کے دوران طلباء پر ایگزامینرز کا کسی قسم کا نفسیاتی دباؤ نہ ہو اور وہ پورے اعتماد کے ساتھ امتحان دے سکیں ۔ ورکشاپ میں طلباء نے گائنی کے امراض کی تشخیص اور علاج بارے اپنے سینئر ڈاکٹرز کو آگاہ کیا ۔ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر عارف تجمل نے کہا نوجوان ڈاکٹرز کو سینئرز اساتذہ کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے اور اپنے پیشہ ورانہ علم میں اضافہ کرنا چاہیے ۔ پروفیسر شمسہ ہمایوں نے زیر تربیت ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ جدید تحقیق کو اپنا شعار بنائیں تاکہ مریضوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔ طبی ماہرین نے جونیئر ڈاکٹروں کے سوالات کے جوابات بھی دئیے اور میڈیکل کورس سے متعلق اور گائنی کے پیچیدہ امور پر لیکچرز دیے جبکہ جدید ترین تحقیق پر گفتگو کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1