گلین میکسویل پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے خواہاں

گلین میکسویل پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے خواہاں

سڈنی(یواین پی)آسٹریلین بیٹسمین گلین میکسویل نے کندھے کی انجری سے نجات کے بعد پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی خواہش ظاہر کردی ہے جبکہ فاسٹ بالر پیٹ کمنز نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ سو فیصدی فٹنس کی بدولت یو اے ای جانے کیلئے تیار ہیں۔ رواں سال کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے متعلق گلین میکسویل کا کہنا تھا کہ اگر انہیں منتخب کیا گیا تو وہ لازمی طور پر کھیلنے کیلئے آمادہ ہیں کیونکہ دبئی اور ابوظہبی میں کھیلنے کیلئے صرف ٹیم میں انتخاب ضروری ہے باقی سب کچھ وہاں جا کر ٹھیک ہو سکتا ہے۔ کندھے کی انجری کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں تھوڑی سی تکلیف باقی ہے لیکن ان کے پاس ابھی اتنا وقت ہے کہ وہ خود کو مکمل طور پر تیار کرسکیں جس کیلئے انہیں مناسب آرام کی بھی ضرورت پڑے گی۔ واضح رہے کہ دو ہزار تیرہ میں ٹیسٹ کیریئر شروع کرنے کے بعد گلین میکسویل ابھی تک محض سات ٹیسٹ ہی کھیل سکے ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلین فاسٹ بالر پیٹ کمنز نے بھی پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے کمر کس لی ہے جن کا کہنا تھا کہ وہ سو فیصدی فٹنس کی بدولت یو اے ای جانے کیلئے تیار ہیں اور انہیں اس بارے میں کوئی شک نہیں ہے۔ مارچ میں جنوبی افریقہ کیخلاف اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ فاسٹ بالرز کیلئے انجریز کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی خاص کر اسٹریس فریکچرز کی جانب سے کافی احتیاط برتنا پڑتی ہے کیونکہ ایک بار اس مشکل میں پڑ جانے کے بعد کیریئر کا نئے سرے سے آغاز کرنا پڑتا ہے تاہم یہی کرکٹرز کی زندگی ہے جن کو کھیل کے ساتھ ان مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی