زمان عرف شیری ڈکیت گینگ کے2ملزمان گرفتار ،3لاکھ روپے نقدی 2موٹر سائیکلیں برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر)انویسٹی گیشن پولیس اقبال ٹاؤن ڈویژن نے زمان عرف شیری ڈکیت گینگ کے2ملزمان کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے30لاکھ روپے نقدی ،2عدد موٹرسائیکلیں اورناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ان خیالات کا اظہار ایس پی انویسٹی گیشن اقبالٹاؤن بلال ظفرنے آج مسلم ٹاؤن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا۔اُنہوں نے کہا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن اویس احمد ملک کی واضح ہدایات کی روشنی میں انویسٹی گیشن پولیس کی سپیشل ٹیمیں جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لیے دن رات سرگرم عمل ہیں۔ جنہوں نے ڈی ایس پی اقبال ٹاؤن سرکل محمد ابراہیم کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن سب انسپکٹر عدنان مسعود اور معہ ملازمان پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ۔ ٹیم نے ٹیکنیکل طریقوں سے سیف سٹی کیمرہ جات اور دیگر ٹیکنیکل آلات کی مدد سے دور حاضر کے جدید وسائل کو استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے زمان عرف شیری ڈکیت گینگ کے دو ملزمان زمان عرف شیری اورشہزاد علی کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کے قبضہ سے 2عدد موٹرسائیکلیں ،نقدی 30لاکھ اور 2عدد پسٹل 30بور برآمد کر لیے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے اقبال ٹاؤن ، ٹاؤن شپ، سمن آباداور شیرا کوٹ کے علاقوں میں ڈکیتی ، راہزنی اور نقب زنی کی 46مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اس سے پہلے بھی متعدد بار جیل جا چکے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملزمان میں سے ایک ملزم کسی بھی بنک میں جا کر بطور کسٹمر بیٹھ جا تا اور بنک سے بھاری مقدر میں نکلوائی گئی رقم کے متعلق اپنے دیگر ساتھیوں کو بذ ریعہ فون اطلاع دیتا جس پر ملزمان بنک سے نکلوائی رقم والے شخص کا تعاقب کر کے کسی بھی شارع عام پر بذریعہ گن پوائنٹ چھین کر فرار ہو جاتے۔آخر میں ایس پی اقبال ٹاؤن انویسٹی گیشن بلال ظفر نے برآمد کیا گیا مال مسروقہ اصل مالکان میں تقسیم کیا۔