پیشی کیلئے آیا ٹریفک وارڈن پراسرار طورپر بے ہوش، افسران میں کھلبلی
لاہور( کرائم رپورٹر) ایس پی سٹی ٹریفک کے دفتر میں پیشی کے لئے آنے والا ٹریفک وارڈن پراسرار طورپر بے ہوش ہو گیا۔ واقعہ پر افسران میں کھلبلی مچ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ سٹی ڈویژن میں تعینات ٹریفک وارڈن شاہ خالد اپنی ڈیوٹی پر پانچ منٹ تاخیر سے پہنچا جس پر سٹی کنٹرول نے اسے غیرحاضر ظاہر کر دیا۔ جس پر گزشتہ روز ایس پی سٹی ٹریفک کے دفتر میں ٹریفک وارڈن شاہ خالد کی پیشی تھی کہ اس دوران اس کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی اور وہ بے ہوش ہو گیا جس پر افسران میں کھلبلی مچ گئی اور ٹریفک وارڈن کو میو ہسپتال ایمرجنسی پہنچایا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق ٹریفک وارڈن کو ذہنی تناؤ کے باعث معمولی ہارٹ اٹیک کا ہوا ہے تاہم رات گئے تک وارڈن کی حالت خطرے سے باہر تھی۔