سندھ :مخصوص نشستوں کی تقسیم ‘ پی پی کی کئی اہم شخصیات نظر انداز

سندھ :مخصوص نشستوں کی تقسیم ‘ پی پی کی کئی اہم شخصیات نظر انداز

کراچی(این این آئی)سندھ اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم میں سیاسی جماعتوں کے دیرینہ کارکن نظر انداز ہوگئے،سندھ کی سابق صوبائی وزیر روبینہ قائم خانی، شرمیلا فاروقی، پونجو مل بھیل رکن سندھ اسمبلی بننے سے محروم رہ گئے۔تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں خواتین اور اقلیتی اراکین کی مخصوص نشستوں کی تقسیم ہوگئی ہے،جس کے تحت پیپلز پارٹی کو خواتین کی17اور اقلیتوں کی5نشستیں حصے میں آئی ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کی سینئر خواتین اراکین شرمیلا فاروقی اور سابق صوبائی وزیر روبینہ قائم خانی اس مرتبہ اسمبلی کی رکن نہیں بن سکیں گی، اس کے علاوہ ایم کیو ایم چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے پونجو مل بھیل کے حصے میں بھی اقلیتوں کی مخصوص نشست نہ آسکی ۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے بعد تحریک انصاف کو 5، ایم کیو ایم کو 4 اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کو خواتین کی 2مخصوص نشستیں حصے میں آئی ہیں، اس کے علاوہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم پاکستان کو اقلیتوں کی ایک ایک نشست بھی حصے میں آئی ہے ۔

مزید : علاقائی