امریکی کا روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

امریکی کا روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک )۔امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ برطانیہ میں مقیم ایک سابق روسی جاسوس اور اس کی بیٹی کو قتل کرنے کے لیے کیمیائی ہتھیار کے غیر قانونی استعمال پر روس کے خلاف نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرے گا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے نئی پابندیوں کے نفاذ کا اعلان بدھ کی شب کیا جو رواں ماہ ہی نافذ العمل ہوں گی۔امریکی اعلان کے ردِ عمل میں واشنگٹن ڈی سی میں واقع روسی سفارت خانے نے اپنے ملک پر عائد کیے جانے والے الزامات کو بے سروپا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روسی حکام کو بارہا مطالبات کے باوجود اب تک ان الزامات کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں دیا گیا۔روسی سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے بھی اس بارے میں روس کے سوالوں کے جواب دینے سے انکار کردیا ہے۔امریکی محکمہ? خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ کو یقین ہے کہ رو س نے رواں سال مارچ میں برطانیہ کے شہر سالسبری میں سابق جاسوس سرگئی اسکریپال اور ان کی صاحب زادی یولیا پر قاتلانہ حملے میں نووی چوک نامی اعصابی گیس استعمال کی تھی۔محکمہ? خارجہ نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ روس کے اس اقدام کی پاداش میں اس کے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد کی جارہی ہیں جن کے بارے میں کانگریس کو مطلع کردیا گیا ہے۔قانون کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں کے بارے میں کانگریس کو مطلع کرنا ضروری ہے جس کے 15 روز کے بعد یہ پابندیاں نافذ ہوجاتی ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نئی پابندیوں کے بارے میں کانگریس کو چھ اگست کو مطلع کیا گیا تھا اور یہ پابندیاں 22 اگست کو موثر ہوجائیں گی۔

مزید : عالمی منظر