عمران خان کی بطور وزیر اعظم نامزدگی22سالہ سیاسی جدوجہد کا ثمر ہے،عارف بھٹی

عمران خان کی بطور وزیر اعظم نامزدگی22سالہ سیاسی جدوجہد کا ثمر ہے،عارف بھٹی

جوہانسبرگ (بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف پریٹوریا منتانہ کے رہنما عارف بھٹی نے کہا ہے کہ عمران خان کی بطور وزیر اعظم نامزدگی ساری قوم کے جذبات کی ترجمانی اور پی ٹی آئی کی 22سالہ سیاسی جدوجہد کا وہ ثمر ہے جس کے مثبت اثرات ملک و قوم کے مستقبل پر مرتب ہوں گے اور انشاء اللہ ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ، کپتان کی طرف سے پروٹوکول نہ لینا اور سادگی اختیار کرنا ثابت کرتا ہے کہ باقی وعدے بھی وفا ہوں گے اور سرکاری سطح پر کم سے کم خرچ کو یقینی بنایا جائے گا ،عارف بھٹی نے کہا کہ 6اگست کا دن ملکی سیاسی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا جس روز ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے قائد کو باقاعدہ قومی اسمبلی میں قائد ایوان اور تحریک انصاف کا پارلیمانی لیڈر نامزدکیا گیا ہے جسے ساری پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے،انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کیلئے عمران خان جیسے دلیر ، نڈر اور بے باک رہنما کی ضرورت تھی جو چیلنجز کا مقابلہ کر کے سرخرو ہوں گے اور خلوص نیت کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کو اقوام عالم میں ممتاز مقام دلائیں گے۔عارف بھٹی نے مزید کہا عام انتخابات میں عوام کی طرف سے مسترد ہونے والے شکست خوردہ عناصر اپنی خفت مٹانے کیلئے تحریک انصاف پر بے جا تنقید کر رہے ہیں ان کے چوں چوں کے مربے کا بھانڈہ جلد چوراہے میں پھوٹ جائے گا اور مفادات کی سیاست کرنے والوں کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید : عالمی منظر