امریکہ ناقابل اعتبار ہے ، شمالی کوریا بھی احتیاط سے کام لے ، ایرانی صدر

امریکہ ناقابل اعتبار ہے ، شمالی کوریا بھی احتیاط سے کام لے ، ایرانی صدر

 تہران(آئی این پی)ایرانی صدر حسن روحانی نے شمالی کورین وزیر خارجہ ری یانگ ہو سے ملاقات میں امریکا کو ناقابل بھروسہ قرار دے دیا، شمالی کوریا کو امریکا کے ساتھ تعلقات پر محتاظ رہنے کا مشورہ بھی دے دیا، امریکا ایران کے تیل کی برآمد پر کوئی قدغن نہیں لگا سکتا، ٹرمپ کی چڑچڑاہٹ اور دھمکیاں حقیقت کو نہیں بدل سکتی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکا کو ناقابل بھروسہ ملک قرار دے دیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت تہران میں شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یانگ ہو نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ ایرانی صدر نے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کو امریکا کے ساتھ تعلقات پر محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی انتظامیہ پر کسی صورت اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔ادھر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران کو تیل کی برآمد سے نہیں روک سکتا، ایران تیل کی برآمد جاری رکھے گا، ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کو زبردستی ایران سے تیل خریدنے میں روکنے میں ناکام رہے ہیں، ان کی چڑچڑاہٹ اور ٹوئٹس سے یہ حقیقت تبدیل نہیں ہو سکتی کہ دنیا اب امریکا سے تنگ آ چکی ہے۔دوسری جانب واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر ناورٹ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ایران مشرق وسطی میں عدم استحکام پھیلا رہا ہے، اسے چاہیے کہ خطے میں حالات کی بہتری کے لئے اپنے رویہ تبدیل کرے اور اپنے ملک کے عوام کی حالت زار پر توجہ دے۔

مزید : عالمی منظر